عصر حاضر میں ہمیں سوشل میڈیا کی یلغار کا سامنا ہے،وزیر اطلاعات آزاد جموں وکشمیر

منگل 8 اپریل 2025 22:50

جدہ،مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ عصر حاضر میں ہمیں سوشل میڈیا کی یلغار کا سامنا ہے۔ دشمن ہمارے خیالات، نظریات اور اتحاد کو کمزور کر کے ہمیں اندر سے کھوکھلا کرنے کی مذموم کوشش کررہا ہے۔ فکری انتشار سے بچنے کے لیے جھوٹی خبروں اور افواہوں سے بچیں اور بغیر تحقیق کے کسی بھی بات پر یقین نہ کریں۔

منفی سوچ اور بدگمانی معاشرے کو توڑ دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انتشار کے ماحول میں نوجوان کا اپنی حکمت و فراست سے کام لینا بھی ازحد ضروری ہے۔ وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے سعودی عرب میں مقیم کشمیری کمیونٹی کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے پراکسی کا استعمال ہمارے نوجوان اذہان کو ٹارگٹ کیا ہے اور ایک مخصوص ملک دشمن بیانیہ کو پروموٹ کرنے کیلئے نوجوان ذہنوں کو بطور ٹول استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نےکہا ہمیں ففتھ جنریشن وارکو سمجھنا ہوگا اور دشمن کی چال کو ناکام بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔