صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے میگا سپورٹس پراجیکٹس کا اعلان کردیا

منگل 8 اپریل 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے صوبے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم منصوبوں کا اعلان کردیا۔منگل کو ایک اعلی سطحی اجلاس کے دوران وزیر کھیل نے بتایا کہ صوبے میں جدید کھیلوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نئے سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر اور موجودہ سہولتوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے قابل ذکر سرمایہ کاری کی جائے گی۔

نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ایک ای گیمز سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا، اس کے علاوہ پنجاب باکسنگ سپورٹس کمپلیکس اور بیس بال گراونڈ بھی بنایا جائے گا۔ وزیر کھیل نے نشتر پارک میں کلائمبنگ وال، والی بال ایریا اور آرچری ایریا کے نئے سپورٹس ایریاز کے قیام کا اعلان کیا تاکہ مختلف کھیلوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ذہنی کھیلوں کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ملک فیصل ایوب کھوکھر نے چیس، سنوکر اور بورڈ گیمز کمپلیکس کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

مزید برآں پنجاب اسٹیڈیم کی سٹینگ کپیسٹی میں اضافہ کیا جائے گا اور اس کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔وزیر کھیل نے صوبے کے تمام کوچز کی صلاحیتوں میں اضافے پر زور دیا اور اعلان کیا کہ کوچز کے لیے نئے ٹرمز آف ریفرنس تیار کیے جائیں گے تاکہ کارکردگی اور جوابدہی کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ سپورٹس بورڈ پنجاب میں ایک مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے گا تاکہ تمام سپورٹس کمپلیکس اور سرگرمیوں کی نگرانی کی جا سکے۔

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کے سپورٹس کمپلیکس میں صرف کھیلوں کی سرگرمیاں ہوں گی اور کسی دوسری سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکومت سپورٹس بورڈ پنجاب کے قوانین میں ترمیم کر رہی ہے تاکہ کھیلوں کے شعبے میں نئی جدت اور اصلاحات لائی جا سکیں۔اصلاحات کے تحت ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹیاں ازسرنو تشکیل دی جائیں گی اور کھیلوں کی ایسوسی ایشنز اور کلبز کی جانچ پڑتال کو مزید سخت بنایا جائے گا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

سپورٹس ایسوسی ایشنز کے لیے گرانٹ کے طریقہ کار اور الیکشن کے عمل کو بھی شفاف بنایا جائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب، مظفر خان سیال، ڈی جی سپورٹس پنجاب، خضرافضال چودھری، ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس، میاں عثمان علی اور ڈائریکٹر ایڈمن، محمد کلیم نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ڈائریکٹر سپورٹس، رانا ندیم انجم اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز، سید عمیر حسن بھی موجود تھے جبکہ پنجاب کے تمام ڈویژنل، ڈسٹرکٹ اور تحصیل سپورٹس افسران نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔