بھیڑ بکریوں کے منہ کھر کا بر وقت علاج کر کے بیماری پر قابوپایا جا سکتاہے، ڈاکٹر تنویر احمد

بدھ 9 اپریل 2025 12:28

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹرتنویر احمد نے بتایا کہ منہ کھرکی بیماری اگرچہ جانوروں اور مویشیوں کو بہت حد تک جسمانی نقصان پہنچانے کا موجب بن سکتی ہے تاہم بروقت علاج کر کے جانوروں میں منہ کھر کی بیماری پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ منہ کھرجانوروں کی ایک متعدی بیماری ہے جس کا وائرس منہ، معدہ اور کھروں کے درمیان حملہ کر تا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھینسوں اور گائیوں میں زبان، تالو، مسوڑھوں اور کھریوں کے درمیان چھالے بن جاتے ہیں اسی طرح بھیڑ بکریوں کے منہ میں سرخ دھبے نمو دار ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور رالیں بھی بہنے لگتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس بیمار ی کی وجہ سے جانور خوراک کھانا بند کر دیتے ہیں اور انہیں تیز بخار ہونے کے علاوہ ان میں دودھ کی کمی بھی واقع ہوجاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ لائیوسٹاک کے پاس منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکے موجود ہیں لہٰذا مویشی پال حضرات اور کاشتکار اپنے جانوروں و مویشیوں میں منہ کھر کی علامات ظاہر ہوتے ہی قریبی ویٹرنری ہسپتال یا ڈسپنسری سے رابطہ کر یں تاکہ جانوروں کو کسی قسم کی پیچیدگی سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :