پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے ایوان ِ اوقاف میں علماء کانفرنس کا انعقاد

جمعرات 10 اپریل 2025 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے پانی کے ضیاع کے تدارک کے لیے ایوان ِ اوقاف میں منعقدہ کا علماء کا نفرنس بعنوان ’’آبی وسائل کا تحفظ اور محراب ومنبر کی ذمہ داریاں تعلیماتِ نبویؐ کی روشنی میں‘‘کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ پانی قد رت کا انمول تحفہ ہے، اس کی حفاظت اور قدر انسانی زندگی کی بقا کیلئے ضروری ہے۔

پانی اللہ کی وہ عظیم نعمت ہے، جس پر انسانی زندگی کا انحصار ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کی قدر نہ کی، اسے محفوظ نہ کیا تو ہماری بقا و زندگی کا وجود خطر ے میں پڑ جائے گا۔ ہماری اوّلین ذمہ داری ہے کہ ہم پانی جیسی عظیم نعمت کی قدر کریں اور اس کو محفوظ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی کی حفاظت اتنی ہی ضروری ہے، جتنی انسانی زندگی کی، اسے ضائع ہونے سے بچانا ہمارا ایمانی وملی فریضہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانی کو ناپاک اور ضائع کرنے کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سختی سے منع فرمایا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سیّد عبد الخبیر آزاد، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور خالد محمود سندھو،پروفیسر لمز یونیورسٹی ڈاکٹر محمد احسن رانا، صوبائی خطیب اوقاف(ر)مفتی محمد اسحاق ساقی الازہری، زونل خطیب اوقاف لاہور ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان،ضلعی خطیب اوقاف مولانا مفتی محمد عمران حنفی اور دیگر علماء و سکالرز نے کہا کہ اللہ رب العزت نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔

ان نعمتوں کا احسا س و لذت اس کی ضرورت کے مطابق ہوتا ہے۔ پانی انسانی زندگی ہی نہیں بلکہ کائنات کے وجود و بقا کے لئے خالقِ کائنات کی پیدا کردہ نعمتوں میں سے عظیم نعمت ہے۔ انسان کی تخلیق سے لے کر کائنات کی تخلیق تک سبھی چیزوں میں پانی کی جلوہ گری نظر آتی ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ زمین پر موجود تمام مخلوق کی زندگی کی بقا پانی پر ہی منحصر ہے۔

قرآن کریم میں تقریباًً 58مرتبہ پانی کا تذکرہ اس کی اہمیت و افادیت کو واضح کرتا ہے۔ اس موقع پراسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی امور حافظ محمد جاوید شوکت،صوبائی خطباء اوقاف مولانا مختار احمد ندیم، مولانا محمد احمد،ضلعی خطباء اوقاف مولانا مولانا شفیق احمد،علامہ سجاد حسین جوادی،مولانا اعجاز حمد اورلینگوئج ٹیچر جامعہ ہجویریہ مولانا قاری ابوالخیر زوار حسین نعیمی سمیت اوقاف علماء و خطباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

واضح رہے کہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر انتظام مساجد میں مورخہ11 اپریل 2025ء کو صوبہ بھر میں جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں ’’خشک سالی اور اس کے تدارک‘‘ کے متعلق آگاہی دینے،پانی جیسی نعمت کی افادیت و حفاظت کی تلقین، اس کے اسراف سے باز رہنے کی تاکید اوروطن ِ عزیز کو درپیش خشک سالی کے تدارک کیلئے خصوصی خطبات و دعاؤں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔