آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزدگیوں کا اعلان

جمعرات 10 اپریل 2025 20:39

آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزدگیوں کا اعلان
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے مارچ کے لیے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا۔آئی سی سی کی جانب سے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈکی نامزدگیوں میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کا فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں سے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا۔آئی سی سی نے بھارت کے شریاس ایئر اور نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر جیکب ڈفی جب کہ چیمپئنز ٹرافی میں مین آف دی سیزیر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے کیوی بلے باز راچن رویندرا کو شامل کیا ہے۔

راچن رویندرا نے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں نہ صرف بیٹنگ بلکہ باؤلنگ کے شعبے میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی تھی اور اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

(جاری ہے)

رویندرا نے مارچ میں 3 ایک روزہ میچوں میں 50.33 کی اوسط سے 151 رنز بنائے اور 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔اسی طرح، فاسٹ باؤلر جیکب ڈفی کو پاکستان کے خلاف حالیہ ہوم وائٹ بال سیریز میں شاندار کارکردگی کے باعث نامزد کیا گیا۔

جیکب ڈفی نے پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی ٹی20 سیریز میں 1-4 کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، فاسٹ باؤلر نے سیریز میں 13 وکٹیں حاصل کیں تھیں جس کی وجہ سے وہ ٹی20 باؤلنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔بھارت کے مڈل آرڈر بلے باز شریاس نے اپنی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی چیمپئن بنوانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا اور وہ ٹورنامنٹ میں بھارت کی جانب سے ٹاپ اسکورر بھی رہے۔بھارت کے مڈل آرڈر بلے باز نے مارچ میں 3 ون ڈے انٹرنیشنل میں 77.47 کی اوسط سے 172 رنز بنائے جب کہ انہوں نے گروپ میچز سمیت سیمی فائنل اور فائنل میں بھی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں۔