ڈویژنل شوگر کین ڈویلپمنٹ سیس کمیٹی کا ضلع بھکر کی 64 کروڑ 38 لاکھ روپے تخمینہ کی 11 سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی منظوری

ہفتہ 12 اپریل 2025 17:18

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2025ء) ڈویژنل شوگر کین ڈویلپمنٹ سیس کمیٹی نے ضلع بھکر کی 64 کروڑ 38 لاکھ روپے تخمینہ کی 11 سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی منظوری دے دی ہے۔ کمیٹی کا اجلاس کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت اُن کے کانفرنس رُوم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایس ای ہائی ویز رانا محمد علی کے علاوہ پی اینڈ ڈی، زراعت اور خوراک کے افسران شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور ایکسین ہائی ویز بھکر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلعی شوگر سیس کمیٹی میں ملز، کسان نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے باہمی اتفاق رائے سے سکیموں کو حتمی شکل دی گئی۔ سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے گنے کے کاشتکاروں کو ملز تک اپنی فصل لانے میں آسانی ہوگی۔ کمشنر نے تمام سٹرکوں کی شفاف انداز میں وقت مقررہ کے اندر تعمیر و مرمت کو یقینی بنانے اور تعمیراتی کوالٹی کو ہر قیمت پر ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے مختلف محکموں کی آئندہ مالی سال کے لیے تجویز کردہ سکیموں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔