Live Updates

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ایرانی سفارتخانہ کادورہ، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

منگل 1 جولائی 2025 23:12

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ایرانی  سفارتخانہ کادورہ، اسرائیلی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں ایران کے سفارتخانہ کادورہ کیا اور وزیٹرز بک میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کی قیادت و عام عوام کی شہادت پر اپنے تعزیتی کلمات درج کئے۔منگل کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا نے ایرانی سفارتخانہ کے دورہ کے دوران ایرانی سفیررضا امیری مقدم سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں خطے میں امن واستحکام اور جغرافیائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گورنر نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ جارحیت کی مذمت کی اور اسرائیلی جارحیت کا بھر پور طریقے سے جواب دینے پر ایرانی عوام اور حکومت کی بہادری، استقامت اور بلند و پختہ عزم کوسراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کااسلامی برادر ملک ہے، ایران نے جس طرح اسرائیلی جارحیت کا جواب دیا ہے وہ پوری امت مسلمہ کیلئے فخر کا مقام ہے۔

انہوں نے اسرائیلی جارحیت میں ایرانی فوجیوں اور شہریوں کی شہادت پر افسوس اورتعزیت کا اظہارکیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسرائیل صرف ایران کا نہیں بلکہ خطہ میں امن کا دشمن ہے، اسرائیل کیخلاف ایران کے بھرپور دفاعی طاقت کے استعمال کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر ایرانی سفیر نے اسرائیلی جارحیت کے دوران ایران کی سفارتی حمایت پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملہ کے خلاف برادر اسلامی ملک پاکستان کی حکومت و عوام کی جانب سے ایران کی بھرپور حمایت اور محبتوں کے شکرگزار ہیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات