پاکستان ویمنز بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کپتان کا اعلان کر دیا گیا

آسٹریلیا کے خلاف 17 سے 26 اپریل 2025 ء کو سیریز شیڈول ہے‘ نمرہ رفیق ٹیم کی قیادت کریں گی

اتوار 13 اپریل 2025 12:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء)پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) چیئرمین سید سلطان شاہ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے بین الاقوامی دورے کے لیے پاکستان ویمنز بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کپتان کا اعلان کر دیا ہے۔ہفتہ کو پی بی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف 17 سے 26 اپریل 2025 ء کو سیریز شیڈول ہے جس میں نمرہ رفیق قومی خواتین ٹیم کی قیادت کریں گی۔

راولپنڈی کی رہائشی نمرہ رفیق نے گورنمنٹ ہائی سکول فار بلائنڈ گرلز شمس آباد راولپنڈی سے میٹرک مکمل کیا۔

(جاری ہے)

وہ اس وقت فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں بی ایس کی ڈگری حاصل کر رہی ہیں۔ نشا کو پاکستان ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے اس دورے کے لیے ٹیم مینجمنٹ کو بھی نامزد کیا ہے جس میں عبدالرزاق ہیڈ کوچ، بختاور اقبال اسسٹنٹ کوچ، شاہدہ شاہین ٹرینر اور رابعہ جاوید ہاشمی بطور ٹیم منیجر شامل ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کی خواتین بلائنڈ ٹیموں کے مابین یہ تاریخی سیریز آسٹریلیا کے شہر برسبین میں منعقد ہوگی جو پانچ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل ہوگی۔