سندھ حکومت کا آئندہ سال تھر جیپ ریلی گھوٹکی میں منعقد کرانے کا فیصلہ

اتوار 13 اپریل 2025 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) سندھ حکومت نے تھر جیپ ڈیزرٹ ریس سالانہ کیلنڈر میں شامل کرنے اور آئندہ سال تھر جیپ ریلی گھوٹکی میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہاروزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے ننگر پارکر میں جاری تین روزہ تھر جیپ ڈیزرٹ کی اختتامی تقریب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل سندھ تھر جیپ ڈیزرٹ ریس کو سالانہ کلینڈر میں شامل کریگا تاکہ تھر میں ہر سال تھر جیپ ریس کا انعقاد کیاجاسکے۔انہوںنے اختتامی تقریب میں تمام کیٹگریز کے جیتنے والے ڈرائیورز میں ایک کروڑ روپے کیش رقم اور 35شیلڈ تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے تمام ڈرائیورز کو رجسٹریشن، مفت رہائش، ایندھن اور ٹرانسپورٹ فراہم کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تھر ڈیزرٹ چیلنج سندھ میں ڈیزرٹ ایڈوانچر اسپورٹس اور سیاحت کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتا ہے۔صوبائی وزیر کھیل نے تھر جیپ ڈیزرٹ ریس میں فتح حاصل کرنے والے ڈرائیورز اور بائیکر کو مبارکباد پیش کی ۔دوسری جانب پروفیشنل اے کیٹگری میں تھر ڈیزرٹ ریس میں فاتح قرار پانے والے رکن اسمبلی میر نادر مگسی کو 5لاکھ کا چیک جبکہ موٹر بائیک ریس میں پنجاب کے ذیگم کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ڈھائی لاکھ روپے کا چیک، مکیش کمار چاولہ کو بھی ریس جیتنے پر کیش انعام اور ٹرافی دی جبکہ مختلف کیٹگریز کے ڈرائیورز میں 35ٹرافیاں تقسیم کی گئیں،اس تھر جیپ ریلی میں 65اور 12موٹر سائیکل ڈرائیورز نے حصہ لیاتھا۔

تقریب میں وزیر ایکسائز مکیش کمار چاولہ، وزیر ثقافت ذوالفقار علی شاہ، نادر مگسی، رکن قومی اسمبلی عامر مگسی، قاسم سراج سومرو، سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری،ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق، اسپورٹس افسران اور دیگرنے شرکت کی۔