پنجاب کلچر ڈے کے انعقاد کا مقصد لوگوں کو اُن کی حقیقی تاریخ و ثقافت سے روشناس کروانا ہے ، کمشنر سرگودھا

منگل 15 اپریل 2025 17:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سرگودھا کے زیرِاہتمام پنجاب کلچر ڈے کے حوالہ سے بھرپور انتظامات کئے گئے اور پنجاب کی تاریخ و ثقافت کے امین روایتی پنجابی ڈیرہ کا اہتمام کرتے ہوئے صوبہ کی تاریخ و ثقافت کی شاندار عکاسی کی گئی۔پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر جہاں دیگر تقاریب منعقدہ کی گئیں وہیں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے چوہدری محمد ارشد کی ہدایت پر پی ایچ اے آفس کے سبزہ زار میں روایتی پنجابی ڈیرہ کا ماحول سجایا گیا جہاں دیہی کلچر کی بھرپورعکاسی کی گئی۔

پی ایچ اے پنجابی ڈیرہ پر کمشنر سرگودھا محمد جہانزیب اعوان نے شرکت کی اور پنجابی ڈیرہ کے اہتمام کے حوالہ سے پی ایچ اے سرگودھا کی عملی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر سرگودھا محمد جہانزیب اعوان نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ و ثقافت صدیوں پر محیط وہ داستاں ہے جوکہ سینہ بہ سینہ اگلی نسلوں تک منتقل ہو رہی ہے، موبائل و انٹرنیٹ کے اس دورِجدید میں نسلِ نو کا تعلق اپنی علاقائی تاریخ سے مضبوط بنانے کیلئے پنجاب کلچر ڈے کا انعقاد خوش آئندہ ہے۔

اُنہوں۔نے مزید کہا کہ پنجاب کلچر ڈے کے انعقاد کا مقصد لوگوں کو اُن کی حقیقی تاریخ و ثقافت سے روشناس کروانا ہے کیونکہ مٹی سے تعلق کی مثال ماں کے سے تعلق سے دی جاتی ہے ،اس لئے نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی کو اُجاگر کرنے حوالہ سے یہ کلچر ڈے کا انعقاد خوش آئند ثابت ہوگا۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر/ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سرگودھا حافظ عمر فاروق، ڈپٹی ڈائریکٹر شفیق الرحمن نیازی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :