بھارت کے حمایت یافتہ گروپ یورپ اور امریکا میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کو بدنام کر رہے ہیں

منگل 15 اپریل 2025 17:00

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) یورپ اور امریکا میں بھارت کے حمایت یافتہ گروپ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے خلاف غلط معلومات پھیلارہے ہیں اورعبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس پر جھوٹے الزامات عائد کئے جارہے ہیں ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت بنگلہ دیش کی سیاست پر بڑی حد تک اثر انداز ہو رہاہے اور اس نے آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات میں شیخ حسینہ کی واپسی کے لیے یورپ ، برطانیہ اور امریکا میں اپنے ایجنٹوں کو متحرک کر دیا ہے۔

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزرڈاکٹر محمد یونس نے قوم سےحالیہ خطاب میں ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے غلط معلومات پھیلانے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ عبوری حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر افواہوں کابازار گرم کردیاگیاہے تاکہ بنگلہ دیش کو غیر مستحکم کیاجاسکے ۔

(جاری ہے)

یہ انکشاف ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب بھارتی میڈیا بنگلہ دیش کے بارے میں غلط معلومات پر مبنی جھوٹا پروپیگنڈہ تیزی سے سوشل میڈیا پر پھیلا رہے ہیں۔

ڈاکٹر محمد یونس کے بنگلہ دیش سے فرانس فرار ہونے سے متعلق بے بنیاد پروپیگنڈہ بھی بھارتی میڈیا کاکارنامہ ہے جو بعد ازاں جھوٹا ثابت ہوا ۔ جنیوا میں بھارتی فنڈڈ خفیہ نیٹ ورکس بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کیلئے جارحانہ طورپرکام کر رہے ہیں جو بنگلہ دیش میں جمہوری طورپر اقتدار کی منتقلی اور عوام کے خود مختار فیصلہ سازی کے عمل کے لیے خطرہ ہے۔

عالمی سطح پر پاکستان مخالف مہم چلانے والے بھارتی تارکین وطن اب حسینہ نواز بیانیے کو تقویت دینے کے لیے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں ۔جنیوا سے واشنگٹن تک بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کو کمزور کرنے کیلئے عالمی سطح پر مہم چلارہی ہے جبکہ بنگلہ دیش میں عبوری حکومت ملک کے استحکام کے لیے کام کر رہی ہے۔