بیساکھی میلہ کی تقریبات جاری، سکھ یاتریوں کی مذہبی رسومات، صحافیوں کو کوریج سے روکنے کی کوشش

ہمیں مکمل مذہبی آزادی کیساتھ رسومات ادا کرنے کی سہولت دی گئی ہے، سیکیورٹی، رہائش اور کھانے پینے کے بہترین انتظامات پر ہم حکومت کے شکر گزار ہیں،سکھ یاتری

جمعرات 17 اپریل 2025 14:43

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)حسن ابدال میں بیساکھی میلہ کی رنگا رنگ تقریبات جاری ہیں، جہاں دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری پنجہ صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں۔ سکھ یاتریوں نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ رسومات ادا کرنے کی سہولت دی گئی ہے، سیکیورٹی، رہائش اور کھانے پینے کے بہترین انتظامات پر ہم حکومت کے شکر گزار ہیں۔

دوسری جانب بیساکھی میلہ کی کوریج کے لیے آئے ورکنگ صحافیوں کو اسپیشل برانچ کی جانب سے پاس جاری نہ کیے جانے پر صحافی برادری میں شدید مایوسی اور غصہ پایا جاتا ہے۔ معروف نجی ٹی وی چینل سے وابستہ نوجوان صحافی ایم احسان قریشی سمیت دیگر فعال صحافیوں کو میلہ کی کوریج کے لیے پاس جاری نہیں کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے اسپیشل برانچ حکام کا مقف ہے کہ پاس کی مقررہ تعداد مکمل ہو چکی ہے، اس لیے مزید پاس جاری کرنا ممکن نہیں۔

صحافیوں نے مقف اختیار کیا کہ ڈی ڈی پی آر کا لیٹر ہونے اور تین روز قبل تمام ضروری دستاویزات جمع کروانے کے باوجود پاس جاری نہ ہونا ناقابلِ فہم ہے۔نوجوان صحافی ایم احسان قریشی نے اس موقع پر کہا کہ میڈیا کی آزادی پر ہم مکمل یقین رکھتے ہیں اور تمام اداروں کو بھی میڈیا کا احترام کرتے ہوئے کوریج کی اجازت دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورکنگ صحافیوں کو نظر انداز کر کے سوشل میڈیا ایکٹیوٹس کو پاس جاری کیے جانا حیران کن ہے، جو صحافتی اصولوں کے منافی اقدام ہے۔انہوں نے اعلی حکام سے فل فور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔