۵معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب راشد اقبال نصر اللہ کا گنج بخش، راوی، شالیمار، سمن آباد زونز کا ہنگامی دورہ

جمعرات 17 اپریل 2025 21:50

9لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2025ء)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب راشد اقبال نصر اللہ نے گنج بخش، راوی، شالیمار، سمن آباد زونز کا ہنگامی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر معاون خصوصی نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی سیکرٹری لاہور حافظ کریم داد چغتائی نے راشد اقبال نصر اللہ کو ترقیاتی اسکیموں میں پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب راشد اقبال نصر اللہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تعمیر کا کام بروقت مکمل کیا جائے۔ نکاسیٰ آب اور انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ ترجیحی بنیادوں پر کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کام میں کوتاہی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انفراسٹرکچر کی تعمیر و بحالی کیلئے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ لاہور شہر کی صفائی ستھرائی اور تعمیر و ترقی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔