وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کا فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے ڈے کیئر سنٹرقائم کرنے کا اعلان

جمعہ 18 اپریل 2025 13:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب، فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے ڈے کیئر سنٹرقائم کرے گا۔یہ بات سلمیٰ سعدیہ فوکل پرسن وزیر اعلیٰ پنجاب برائے ترقی خواتین نے فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی اور ممبران سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔

تقریب کا اہتمام ایف پی سی سی آئی کی ریجنل کمیٹی تھنک ٹینک کی کنوینر روبینہ امجد اور ایف پی سی سی آئی کی علاقائی کمیٹی برائے ہنر مندی کی ترقی کی کنوینر کنول سعیدکی جانب سے کیا گیا تھا۔ سلمیٰ سعدیہ نے کہا کہ پاکستان میں چیمبرز آف کامرس خواتین چیمبرز کو فنڈ دینے کے لیے آگے آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ خواتین کو اپنے کاروبار شروع کرنے اور بہترین طریقہ کے ساتھ ترقی کرنے کی صلاحیت فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب کا خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کا ویژن ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بنگلہ دیش میں تقریباً 3.4 ملین خواتین اپنا کاروبار چلا رہی ہیں جبکہ پاکستان میں 11 ملین خواتین بے نظیر انکم سپورٹ فنڈ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی اصول ان کی معاشی ترقی میں مددگار ہونے چاہئیں۔ انہوں نے خواتین کے برآمدی منصوبے شروع کرنے پر ایف ڈبلیو سی سی آئی کی تعریف کی اور خواتین کی ضرورت پر مبنی اہم تجارت پر کام شروع کرنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ڈی ڈی پنجاب میں خواتین کے چیمبرز کے ساتھ رابطے کو بہتر بنا رہا ہے اور ستمبر میں لاہور میں ایک ایکسپو کا انعقاد متوقع ہے۔ قبل ازیں خطبہ استقبالیہ میں صدر وومن چیمبر شاہدہ آفتاب نے میڈم مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کو سراہا جو خاص طور پر خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی خوشحالی کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ فیصل آباد وومن چیمبرکو اس کے منصوبوں کے لیے ضروری فنڈز فراہم کیے جائیں۔

ایک بریفنگ نوٹ میں روبینہ امجد کنوینر ایف پی سی سی آئی تھنک ٹینک کمیٹی نے خواتین کی مصنوعات کے لیے مارکیٹ کی سہولت اور اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے آغاز، خواتین کاروباریوں کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے قیام کے لیے شعبہ خواتین کی شراکت داری پر زور دیا۔ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی چیئرپرسن صوبیہ عقیل نے ویمن انکیوبیشن سنٹر کی سرگرمیوں اور مختلف تربیتی پروگراموں پر روشنی ڈالی۔

کنول سعید کنوینر سکل ڈویلپمنٹ ایف پی سی سی آئی نے پنجاب میں خواتین کے اہم چیمبرز کے ساتھ مل کر کام کرنے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جیلوں کی خواتین قیدیوں کی طرف سے تیار کی جانے والی خواتین کی مصنوعات اور مارکیٹ کی قبولیت کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے لیے ہنر مندی کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا۔ شکریہ کا ووٹ فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کی نائب صدر میمونہ عمران نے پیش کیا۔ میٹنگ میں کاروباری خواتین اور ایف ڈبلیو سی سی آئی کی ممبران کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔