ایس ای سی پی میں ایک ماہ میں 2757 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ

رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 2لاکھ 50ہزار کے قریب پہنچ گئی، ایس ای سی پی

جمعہ 18 اپریل 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان میں ایک ماہ کے دوران 2ہزار 757نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوگئیں، مجموعی تعداد 2لاکھ 49ہزار 365تک پہنچ گئی۔ایس ای سی پی کے مطابق مارچ 2025 میں 2ہزار 757نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کا کہنا ہے کہ نئی کمپنیوں کے رجسٹریشن کا تقریبا 99.9 فیصد عمل ڈیجیٹل طور پر مکمل کیا گیا۔

(جاری ہے)

اعلامئے کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کے شعبوں میں 552نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، تجارتی شعبے میں 350جبکہ خدمات کے شعبے میں 313نئی کمپنیاں شامل ہوئیں، ریئل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ و تعمیرات میں 256، سیاحت و نقل و حمل میں 161 نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن کرائی۔اعلامئے میں بتایا گیا ہے کہ خوراک و مشروبات میں 147، تعلیم میں 127، کارپوریٹ زرعی فارمنگ میں 124، ٹیکسٹائل میں 65، مارکیٹنگ اور اشتہارات میں 63، کان کنی اور کنکریٹ میں 54 نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن کرائی، دواسازی میں 51، جبکہ انجینئرنگ، ایندھن و توانائی اور کیمیکلز میں 41 نئی رجسٹریشنز ہوئیں۔