صوبہ پنجاب میں رواں سیزن کپاس کی کاشت کا ہدف 35 لاکھ ایکڑ مقرر کر دیا، افتخار علی سہو

ہفتہ 19 اپریل 2025 17:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) صوبہ پنجاب میں رواں سیزن کپاس کی کاشت کا ہدف 35 لاکھ ایکڑ مقرر کر دیا گیا ہے۔یہ بات سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کپاس کی صورتحال کے سلسلہ میں ایگریکلچر ہائوس میں منعقدہ اعلی سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ کپاس کی کاشت کے ہدف کے حصول کے لئے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں،فیلڈ فارمیشنز کو15 مئی تک سو فیصد ہدف کے حصول کا ٹاسک سونپ دیا اور بروقت و خصوصی مہم کے نتیجہ میں کل ہدف کا 28 فیصد حاصل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے نگہداشتی امور بارے فنی راہنمائی کا سلسلہ جاری اورکپاس کے علاقوں میں نہری پانی کی دستیابی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے واضح کیا کہ کپاس کی کاشت کے کل ہدف کا50 فیصد بہاولپور ڈویژن سے حاصل کیا جائے گا جبکہ رواں سال کپاس کی کاشت کے رجحانات نہایت حوصلہ افزا ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں،ڈاکٹر عبدالقیوم، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :