کے سی سی آئی ، پی بی سی دبئی کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے استحکام کیلئے معاہدہ

پیر 21 اپریل 2025 22:54

کے سی سی آئی ، پی بی سی دبئی کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے استحکام ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) اور پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) دبئی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) طے پاگئی ہے،صدرکے سی سی آئی محمد جاوید بلوانی اور چیئرمین پی بی سی دبئی شبیر مرچنٹ نے کے سی سی آئی میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران ایم او یو پردستخط کیے۔

پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق ایم او یو کا مقصد کراچی اور دبئی کے کاروباری حلقوں کے درمیان اسٹریٹجک روابط قائم کر کے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔صدرکے سی سی آئی جاوید بلوانی نے تقریب خطاب کرتے ہوئے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایم او یو کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری ایک اسٹریٹجک اقدام ہے جس میں تجارتی وفود کے تبادلے، بین الاقوامی نمائشوں اورٹریڈ فیئرز میں مشترکہ شرکت، بزنس سیمینارز، ورکشاپس اور نیٹ ورکنگ فورمز کے انعقاد جیسے عملی اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں آگنائزیشنز باہمی طور پر تجارتی پالیسیوں، ریگولیٹری فریم ورکس اور کاروباری طریقہ کار سے متعلق بروقت اور مفید معلومات کا تبادلہ کریں گے۔اس معاہدے میں بزنس ویزا کے حصول میں سہولت، تجارتی وفود کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔جاوید بلوانی نے پی بی سی دبئی کی جانب سے بزنس ٹو بزنس میچ میکنگ کو فروغ دینے کیلئے ایک مخصوص ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن متعارف کرانے کی کاوش کو بھی سراہا جس سے کاروباری اداروں کو آسانی سے ممکنہ شراکت دار تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

پی بی سی دبئی کے چیئرمین شبیر مرچنٹ نے اس معاہدے کی دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کیلئے اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایم او یو نہ صرف کراچی اور دبئی کے درمیان ایک پُل کا کام کرے گا بلکہ پائیدار معاشی ترقی کیلئے ایک مضبوط پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا نیز یہ کاروباری روابط کو فروغ، رکاوٹوں کو دور کرنے اور دونوں جانب کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار میں آسانی پیدا کرے گا۔ تقریب میں کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ضیاء العارفین، نائب صدر فیصل خلیل احمد، ایم او یو پر عمل درآمد کی خصوصی کمیٹی کے چیئرمین جنید اسماعیل ماکڈا، پی بی سی دبئی کے ایگزیکٹو ایڈوائزر مصطفیٰ ہیمانی، کے سی سی آئی کے سابق نائب صدر حارث اگر اور منیجنگ کمیٹی کے ارکین نے شرکت کی۔