کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال خوشاب اور جوہر جم خانہ کلب کا دورہ، سہولیات کا جائزہ

پیر 21 اپریل 2025 20:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنرخوشاب فروہ عامر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خوشاب کا دورہ کیا۔ پیر کو دورے کے دوران انہوں نے مختلف شعبہ جات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو بہترین طبی خدمات میسر آ سکیں۔

دورے کے دوران کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے واصف علی واصف میڈیسن بینک کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے میڈیسن بینک میں دستیاب ادویات، ان کی ترسیل کے نظام اور ضرورت مند مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیسن بینک کے قیام کو ایک قابلِ تقلید قدم قرار دیا اور کہا کہ ایسے فلاحی اقدامات سے غریب اور مستحق افراد کو بہت فائدہ پہنچتا ہے۔

کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی جائے۔ اس موقع پر اے ڈی سی (آر) عبدالستار خان، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری ضیاءاللہ ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر صائمہ اکرام نیازی اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر آصف محمود قاضی بھی موجود تھے۔قبل ازیں کمشنرجہانزیب اعوان نے جوہر جم خانہ کلب کا دورہ بھی کیا اور کلب میں فراہم سہولیات اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :