اسلام آباد چیمبر کا 28 نئے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز کی تقرری کا خیرمقدم

منگل 22 اپریل 2025 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے 28 نئے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز (ٹی آئی اوز) کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کی تجارتی سفارت کاری اور عالمی اقتصادی مقام کو اجاگر کرنے کے لیے ایک سٹریٹجک اور بروقت قدم قرار دیا ہے۔منگل کو چیمبر کےجاری کردہ ایک بیان میں آئی سی سی آئی کے صدر نے میرٹ پر مبنی اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے پر حکومت کی تعریف کی جس میں تمام سٹیک ہولڈرز بشمول وزارت خارجہ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور بورڈ آف انویسٹمنٹ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے افسران ملکی تجارت اور سرمایہ کاری کے اہداف کو حاصل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

ناصر قریشی نے کہا کہ ان افسران کو ایک اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے اور وہ پاکستان جو قدرتی وسائل اور سیاحت کی صلاحیت سے مالا مال ہے کی ترقی کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے۔انہوں نے افسروں کو ابھرتے ہوئے عالمی منظر نامے کے مطابق خود کو ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ آج کی دنیا میں اقتصادی سفارت کاری نے سیاسی سفارت کاری کی جگہ لے لی ہے اور یہ کہ تجارت اور سرمایہ کاری عالمی اثر و رسوخ کے نئے ستون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران روایتی اور غیر روایتی برآمدات پر توجہ مرکوز کریں اور اپنے میزبان ممالک میں چیمبرز آف کامرس، بڑی ریٹیل چینز اور ملٹی نیشنل کارپوریشنز کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کے لیے کام کریں۔