کسان کارڈ کے دوسرے فیز میں بلا سود قرضہ کی حد ڈیڑھ لاکھ سے بڑھا کر 3لاکھ ، ملکیتی اراضی 25ایکڑکردی گئی

بدھ 23 اپریل 2025 17:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے دوسرے فیز میں زیادہ سے زیادہ بلا سود قرضہ کی حد ڈیڑھ لاکھ سے بڑھا کر 3لاکھ روپے اور ملکیتی اراضی کی حد12ایکڑ سے بڑھا کر 25ایکڑ اور بلا سود قرض کی سہولت کی حد بھی 5ایکڑ سے بڑھا کر 10ایکڑ کرنے کے ساتھ ساتھ پراسیسنگ،سروس چارجز کا مکمل خاتمہ کر دیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق اسی طرح نقد رقم نکلوانے کی سہولت میں تاخیر کا بھی خاتمہ کرتے ہوئے 30فیصد نقد رقم نکلوانے کی فوری سہولت فراہم کر دی گئی ہے جبکہ فیز ون میں ڈیزل کی خریداری کی سہولت نہیں تھی لیکن اب فیز ٹو میں کل قرض کا 20فیصد ڈیزل کی خریداری کیلئے مختص کر دیا گیا ہے اور کسان کارڈ کے حامل کاشتکاروں کو اس فیز میں بیج، کھاد، پیسٹی سائیڈزکی خریداری کی بھی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے آئندہ پنجاب کی تمام سکیموں،سہولیات سے فائدہ اٹھانے کےلئے وزیر اعلیٰ کسان کارڈ کا ہونا لازمی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایگریکلچر ہیلپ لائن17000۔0800پر پیر تاہفتہ صبح 8تا رات 8بجے تک کال کر کے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔