سعودی اور یونانی وزرائے ثقافت کی جانب سے ثقافتی کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت

اجلاس دونوں دوست ممالک کے درمیان بین الاقوامی ثقافتی تبادلے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، سعودی وزیرِ ثقافت

جمعرات 24 اپریل 2025 12:45

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)سعودی عرب کے وزیرِ ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان اور جمہوریہ یونان کی وزیرِ ثقافت ڈاکٹر لینا مندونی نے سعودی یونانی تزویراتی شراکت داری کونسل کی ثقافتی کمیٹی کے پہلے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اجلاس کے آغاز پر سعودی وزیرِ ثقافت نے یونانی ہم منصب کا مملکت میں خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ اجلاس دونوں دوست ممالک کے درمیان بین الاقوامی ثقافتی تبادلے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے لیے فائدہ مند ہو گا۔

دونوں وزرائے ثقافت نے سعودی - یونانی ثقافتی تعاون کو بڑھانے اور جولائی 2022 میں دستخط شدہ ثقافتی مفاہمتی یادداشت کو فعال کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون کو سراہا، جو مختلف ثقافتی مواقع پر یونانی شرکت سے ظاہر ہوتا ہے، جیسا کہ نومبر 2024 میں ریاض میں منعقدہ "سعودی بین الاقوامی ہنر مندی ہفتہ (بنان)" میں یونانی وفد کی شرکت، اور جنوری سے مئی 2025 کے درمیان جدہ میں ہونے والے "اسلامی آرٹ بینالی" میں یونانی بناکی میوزیم کی شرکت۔

مزید برآں، دونوں وزرا نے 2024 میں یونان کے دار الحکومت ایتھنز میں زاپیون ہال میں منعقد ہونے والے "سعودی ثقافتی ہفتی" کو بھی سراہا۔ اس میں "سالِ اونٹ 2024" کی ایک خصوصی نمائش، موسیقی و تھیٹر کے شو، روایتی ہنر مندی کی ورکشاپس، کھانوں، عربی خطاطی، فیشن، سعودی فلموں اور دیگر ثقافتی عناصر کی جھلک پیش کی گئی۔