}اداکارہ کرسٹین اسٹیورٹ نے خاتون سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا

جمعرات 24 اپریل 2025 18:25

B نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2025ء) متنازع جنسی رجحانات رکھنے والی ہولی وڈ کی خوبرو اداکارہ کرسٹین اسٹیورٹ نے خاتون لکھاری ڈیلن میئر سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا۔امریکی شوبز میگزین ٹی ایم زیڈ کے مطابق کرسٹین اسٹیورٹ اور ڈیلن میئر نے لاس اینجلس میں انتہائی قریبی دوستوں کی موجودگی میں ہم جنس پرست روایات کے تحت شادی کی۔

دونوں خواتین نے ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہنا کر اور سب کے سامنے ایک دوسرے کے ساتھ مخلص رہنے، ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا عہد کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔دونوں خواتین کی شادی پر دنیا بھر میں موجود کرسٹین اسٹیورٹ کے مداح حیران رہ گئے جب کہ ہولی وڈ انڈسٹری کے بعض حلقوں نے بھی ان کی خاتون سے شادی پر ناپسندیدگی ظاہر کی۔

(جاری ہے)

کرسٹین اسٹیورٹ اور ڈیلن میئر کے درمیان گزشتہ نصف دہائی سے تعلقات تھے اور دونوں متعدد انٹرویوز میں ایک دوسرے سے رومانوی تعلقات کا اعتراف کر چکی تھیں۔

دونوں نے 2021 میں منگنی کرکے باقی زندگی ایک ساتھ جوڑے کی صورت میں گزارنے کا عہد کرتے ہوئے 2022 میں جلد شادی کا عندیہ دیا تھا اور 20 اپریل 2025 کو دونوں نے شادی کرلی۔کرسٹین اسٹیورٹ اپنے جنسی رجحانات کی وجہ سے متنازع رہی ہیں، انہوں نے پہلے مرد ساتھی اداکاروں سے بھی شادی کی اور متعدد دیگر مرد اداکاروں کے ساتھ بھی تعلقات میں رہیں۔اداکارہ 2015 کے بعد ہم جنس پرستی کی جانب راغب ہوئیں اور گزشتہ ایک دہائی کے دوران ان کے متعدد امریکی اور غیر ملکی دیگر خواتین سے بھی تعلقات رہے۔

کرسٹیون اسٹیورٹ نے 2018 میں عندیہ دیا تھا کہ وہ دوبارہ جنس مخالف کی جانب راغب ہونے کا سوچ رہی ہیں۔اداکارہ نے 2019 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہیں ہم جنس پرستی سے روکنے کی کوشش کی گئی، انہیں اپنے جنسی رجحانات سے متعلق بات کرنے سے بھی روکا گیا۔اداکارہ نے دعوی کیا تھا کہ انہیں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر وہ ہم جنس پرستی سے باز رہتی ہیں تو انہیں مارول اسٹوڈیو کی سائنس فکشن فلم میں مرکزی کردار بھی مل سکتا ہے۔کرسٹین اسٹیورٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان سے فلمی شخصیات یہ بھی کہتی تھیں کہ وہ اپنی خواتین گرل فرینڈز سے عوامی مقامات پر دور رہا کریں، وہ اپنے ہم جنس پرستی کے رجحانات کو خفیہ اور محدود رکھیں۔

متعلقہ عنوان :