}جاوید جعفری کا ایکس اکاونٹ ہیک کرنے کے بعد ہیکر کے دلچسپ ٹوئٹس

جمعرات 24 اپریل 2025 18:25

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2025ء) بالی ووڈ کے معروف اداکار جاوید جعفری کا ایکس اکاونٹ ہیک ہو گیا۔جاوید جعفری نے 1 ہفتہ قبل فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو اطلاع دی تھی کہ ان کا ایکس اکاونٹ ہیک ہو گیا ہے۔انہوں نے اپنی انسٹا پوسٹ میں ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے پاس ان کا ایکس اکاونٹ لاگ اِن نہیں ہو رہا۔

بھارتی اداکار نے یہ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر موجود میرا ایکس اکانٹ ہیک ہو گیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ میں ان لوگوں سے مخلصانہ درخواست کرتا ہوں جو مجھے ایکس پر فالو کر رہے ہیں کہ اس بارے میں ایکس کو رپورٹ کریں، شکریہ۔اب منگل کو ہیکر نے جاوید جعفری کے اکاونٹ پر ایک ٹوئٹ کیا کہ اگر آپ اپنا اکاونٹ واپس حاصل کرنا چاہتے ہیں تو مجھے میسیج کریں۔

(جاری ہے)

پھر کل ایک اور ٹوئٹ کیا گیا جس میں لکھا ہے کہ جاوید جعفری کا اکاونٹ ہیک ہو گیا تھا تو میں نے کل اس اکاونٹ کو ہیکرز سے بازیاب کروا لیا ہے۔ ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ میں جاوید جعفری کو یہ اکاونٹ واپس دینا چاہتا ہوں، کوئی انہیں بتائے کہ میں نے انہیں ای میل بھی کی ہے۔اس ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ مجھے اب تک 30 لوگ میسیج کر چکے ہیں جو یہ اکاونٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

جاوید جعفری کے ایکس اکاونٹ سے گزشتہ روز کیے گئے آخری ٹوئٹ میں یہ لکھا ہے کہ میں اپنا اکاونٹ واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہوں اور آپ سب کے تعاون کے لیے دل کی گہرائیوں سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ کیا اس موقع پر ہم مل کر ایک تفریحی میم کوائن بنائیں بھارتی اداکار کے ایکس اکاونٹ سے کیے گئے آخری ٹوئٹ سے بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ وہ اپنا اکاونٹ دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں لیکن پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کے بعد موجودہ صورتحال میں تفریحی میم کوائن بنانے والی بات کی وجہ سے ان کے مداحوں کا خیال ہے کہ ان کا اکاونٹ ابھی تک ہیکرز کے کنٹرول میں ہی ہے۔