ضلع سوات کی خوبصورتی اور جدید سفری سہولیات کیلئے 17 پلوں کی کشادگی و بحالی کے جامع پلان بارے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 25 اپریل 2025 17:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حامد بونیرے کی زیر صدارت این95 لنڈاکے سے فتح پور تک کے 17 پلوں کی کشادگی و بحالی کے لیے مختلف شاہراہوں کی تعمیر، مرمت اور کشادگی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے انور عثمان خٹک نے ایک تفصیلی پریزنٹیشن کے ذریعے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خوازہ خیلہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی، بریکوٹ، چارباغ، ایس ڈی پی او سٹی مینگورہ، محکمہ واپڈا، سوئی نادرن گیس، پی ٹی سی ایل، ٹیلی کمیونیکیشن، پبلک ہیلتھ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کا مقصد مجوزہ ترقیاتی منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا اور درپیش رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یوٹیلیٹی لائنز کی بروقت منتقلی پر زور دیا گیا تاکہ کسی قسم کی تاخیر سے بچا جا سکے۔ تمام محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ باہمی تعاون سے کام کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں مقررہ وقت میں مکمل کریں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع سوات میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھتے ہوئے یہ منصوبہ نہ صرف ضلع سوات کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ عوام کو محفوظ اور جدید سفری سہولیات بھی فراہم کریگا۔