پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی مرکزی کونسل (قومی جرگہ) کا اجلاس 20 مئی 2025 کو کوئٹہ میں منعقد ہوگا

جمعہ 25 اپریل 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل خورشید کاکاجی کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی مرکزی کونسل (قومی جرگہ) کا اجلاس 20 مئی 2025 کو کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔ یہ اجلاس پشتون قومی سیاسی تحریک کے عظیم رہنما، محترم ارواشاد عبدالرحیم خان مندوخیل کی یاد میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

مرکزی کونسل (قومی جرگہ) کے اس اجلاس کی صدارت پارٹی چیئرمین محترم خوشحال خان کاکڑ اور شریک چیئرمین محترم مختار خان یوسفزئی کریں گے۔ مرکزی کونسل پارٹی کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے، جو دو کانگرسوں کے درمیانی عرصے میں اہم قومی و سیاسی فیصلے کرتا ہے۔ اس میں پشتونخوا وطن اور ملک بھر سے پارٹی کارکنوں کو نمائندگی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

مرکزی کونسل کو پشتون افغان وطن کی قومی سیاسی صورتحال، ملکی و عالمی تناظر میں پارٹی پالیسیوں کی تشکیل و توثیق، اور پارٹی کے آئینی و تنظیمی معاملات پر حتمی فیصلوں کا اختیار حاصل ہے۔

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اپنی پرافتخار قومی جدوجہد کے نئے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے یہ اجلاس 20 مئی 2025 کو عبدالرحیم خان مندوخیل کی آٹھویں برسی کے موقع پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس تاریخی اجلاس کے پہلے سیشن میں بابائے افغان عبدالرحیم خان مندوخیل کو ان کی عظیم قربانیوں، تاریخی کردار اور قومی، نظریاتی وعلمی خدمات پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔

مرکزی کونسل اجلاس میں پارٹی کے مرکزی ایگزیکٹو اراکین، مرکزی کونسل کے تمام نمائندگان شریک ہوں گے، اور ملک، پشتونخوا وطن اور بین الاقوامی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اہم آئینی و تنظیمی امور زیرِ بحث آئیں گے۔ ان امور پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔مرکزی کونسل کے تمام اراکین کو اجلاس میں وقتِ مقررہ پر شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :