چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کا پارک انکلیو ون، ٹو اور تھری کا دورہ ، پارکس کی اپ گریڈیشن کی ہدایت کی

ہفتہ 26 اپریل 2025 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نےسی ڈی اے بورڈ ممبران سمیت انجنئیرنگ، پلاننگ، انوائرمنٹ، سینی ٹیشن، انفورسمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ پارک انکلیو ون، ٹو اور تھری کادورہ کیا۔ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو پارک انکلیو کے مختلف سیکٹرز میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارک انکلیو ون میں داخلے کیلئے موجودہ گیٹ کو اپ لفٹ کیا جائے اور اس کے ساتھ کری روڈ پر باقاعدہ داخلی گیٹس بھی بنائے جائیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے پارک انکلیو ون اور ٹو میں تفریحی سہولیات کو مدِنظر رکھتے ہوئے پارکس کی اپ گریڈیشن کی ہدایت کی اور کہا کہ پارک انکلیو کے ڈویلپڈ پلاٹس پر سائن بورڈ نصب کرکے پلاٹس کے نمبر آویزاں کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پارک انکلیو میں دیدہ زیب لینڈ سکیپنگ سمیت ماحول دوست شجرکاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارک انکلیو میں مناسب جگہوں کی نشاندہی کرکے بچوں اور رہائشیوں کیلئے پلے گراؤنڈ تعمیر کیا جائے،پارک انکلیو کی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کو بارشوں کے نقصان سے بچانے کیلئے اطراف میں ڈھلوان اور نکاسی آب کے انتظام کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پارک انکلیو سے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو فوری مسمار کیا جائے اور اراضی واگزار کروائی جائے،پارک انکلیو میں جدید اور خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس نصب کی جائیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے پارک انکلیو کے رہائشیوں کے مسائل کے خاتمے کیلئے متعلقہ افسران کو ان کے ساتھ میٹنگ کی بھی ہدایت کی ۔