سیالکوٹ،کاشتکاروں کو گندم کی کٹائی کے دوران تھریشر کی رفتارپرخصوصی توجہ دینے کی ہدایت

اتوار 27 اپریل 2025 14:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت(توسیع)سیالکوٹ نے گندم کی کٹائی کے دوران تھریشر کی رفتارپرخصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تھریشرتیزچلنے سے گندم کے دانے ٹوٹ جاتے ہیں اورکم رفتار سے دانوں کے ساتھ گندم کے سٹوں کے ٹکڑے بھی نکل آتے ہیں لہذاتھریشر کی رفتارکو مناسب رکھناچاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار گندم کی فصل مکمل طور پر پک کرتیار اور خشک ہونے پر برداشت کے مراحل میں ضروری ہدایات اور سفارشات پر عملدرآمدیقینی بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ بارش کے دوران گندم کے دانوں کو اچھی طرح ڈھانپ دیناچاہیئے اور بیج کو ذخیرہ کرنے سے پہلے دھوپ میں بکھیر کر اچھی طرح خشک کرلیناچاہیئے تاکہ دانوں میں نمی کا تناسب 10فیصدسے زیادہ نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دانوں کو ہمیشہ نئی بوریوں میں ذخیرہ کرناچاہیئے تاہم پرانی بوریوں میں دانے ذخیرہ کرنے سے پہلے بوریاں اچھی طرح جھاڑ لینی چاہئیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گودام صاف ،روشن اور ہوا دار ہونے چاہئیں اور گودامو ں کی چھت و دیوار،فرش اور دراڑوں میں موجود درزوں کوبھی اچھی طرح بندکر دیناچاہیئے تاکہ اس میں کیڑے مکوڑے پناہ نہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ہدایات پر عمل درآمد کرکے کاشتکار بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :