Live Updates

لاہور چیمبر کاگریجوایٹ کالج آف کامرس کیلئے سولر سسٹم اورنئے کمپیوٹرز کی فراہمی و مالی معاونت کا اعلان

اتوار 27 اپریل 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کامرس ایجوکیشن اور آئی ٹی کے فروغ کیلئے گریجوایٹ کالج آف کامرس ہنزہ بلاک اقبال ٹائون کی بھرپور معاونت کرے گا۔یہ اعلانات گزشتہ روز کالج کے سالانہ انعامات کی تقسیم اور کانووکیشن کی تقریب کے دوران کئے گئے جس میں ممتاز کاروباری رہنمائوں اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔

اس موقع پرلاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامرس ایجوکیشن کے فروغ کے لیے چیمبر کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تجارتی تعلیم ہمارے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کے لیے درکار مہارتوں سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے،انہوں نے کالج کے لیے 15 کلو واٹ کا سولر سسٹم لگانے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق تقریب میں رکن سارک چیمبر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم نے بھی کالج کی کمپیوٹر لیب کے لیے نئے کمپیوٹر خریدنے کے لیے 10 لاکھ روپے عطیہ دینے کااعلان کیا۔خواجہ شاہ زیب اکرم نے کالج کیلئے گزشتہ سال بھی نئے کمپیوٹرز کی خریداری اور کالج کے کمروں کی تزئین و آرائش کے لیے 1 ملین روپے کا عطیہ دیا تھا۔

اس موقع پرایل سی سی آئی کے نائب صدر شاہد نذیر نے بھی کالج کی مرمت اور دیکھ بھال کیلئے2 لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے تعلیمی اداروں کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں جو ہمارے ملک کے مستقبل کوتیار کر رہے ہیں۔ممبر صوبائی اسمبلی ملک خالد کھوکھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبے میں آئی ٹی کی تعلیم کے فروغ پر حکومت پنجاب کی توجہ پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز خاص طور پر آئی ٹی کی تعلیم کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں اور ہم سکولوں اور کالجوں کی بہتری کے لیے نمایاں فنڈز مختص کر رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف صحافی امین حفیظ نے کالج کی عمارت کی تزئین و آرائش کیلئے سی اینڈ ڈبلیو میں پانچ ملین روپے کے زیر التوا کیس کی پیروی کرنے کا عہد کیا۔تقریب میں مختلف ایونٹس کے فاتحین میں انعامات اور سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے گئے جبکہ پرنسپل یعقوب الہی شیخ نے مہمانوں کو گزشتہ تعلیمی سال کے دوران کالج کی کارکردگی اور کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات