جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں امن کمیٹی کے دفتر کے قریب دھماکہ ،7 افراد جاں بحق،15 زخمی

پیر 28 اپریل 2025 17:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں امن کمیٹی کے دفتر کے قریب ہوئے دھماکے میں7 افراد جاں بحق اور 15زخمی ہو گئے ہیں،دھماکے کے نتیجے میں امن کمیٹی کا دفتر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ۔ ڈپٹی کمشنر ناصر خان کے مطابق، یہ دھماکا امن کمیٹی کے دفتر کے قریب ہوا، جس میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا،زخمیوں کو فوری طور پر ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا جا رہا ہے ۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ امن کمیٹی کا دفتر مکمل طور پر تباہ ہو گیا،اس افسوسناک واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس دھماکے کے ذمہ داران کی گرفتاری کے لیے کارروائی کر رہے ہیں ۔ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جنوبی وزیرستان وانا میں بم دھماکے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ پولیس نے کہا کہ دھماکے کے بعد کئی افراد ملبے تلے دب گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

امدادی کارکنوں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔علاوہ ازیں مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 7 افراد کی لاشیں وانا ہسپتال لائی جاچکی ہیں جبکہ ہسپتال میں 15 زخمیوں کو بھی لایا گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے ۔