ڈپٹی کمشنرمدثر فاروق کی زیر صدارت غیر محفوظ ،ناقابل رہائش عمارات ( اربن ایریا مظفرآباد ) کے حوالہ سے اجلاس کا انعقاد

پیر 28 اپریل 2025 20:12

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنرو چیئرمین کمیٹی مدثر فاروق کی زیر صدارت غیر محفوظ ،ناقابل رہائش عمارات ( اربن ایریا مظفرآباد ) کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں میں مہتمم مینٹیننس ڈویژن مظفر آباد سید امجد حسین بخاری، مہتمم ترقیاتی اداره مظفر آبادسعد رشید، مہتمم بلڈنگ ڈویژن مظفر آبادراجہ سعید، سٹیٹ آفیسر میونسپل کارپوریشن مظفر آباد سید قمر عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی مظفر آباد سید شاہد اکبر نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے شرکاء اجلاس کی غرض و غائت بیان کرتے ہوئےکہا کہ 08 اکتوبر 2005 ء کے زلزلہ میں شہر مظفرآباد میں بیشتر عمارات (سرکاری و پرائیویٹ سکولز کالجز ہسپتال ، شاپنگ سنٹرز، رہائشی) منہدم و نا قابل رہائش ہو چکی تھیں،جن میں سے کچھ کو دوبارہ تعمیر کیا گیا جبکہ کچھ عمارات تا حال نا قابل رہائش موجود ہیں،اس نوعیت کی عمارات کی نشاندہی / کوائف مرتبگی کے سلسلہ میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں باہمی مشاورت سے مختلف فیصلہ جات کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہتمم تعمیرات عامہ مینٹیننس ڈویژن مظفر آباد جملہ ایسی سرکاری عمارات جونا قابل رہائش ہیں کی تفصیل مرتب کریں گے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ میونسپل کارپوریشن مظفر آباد میونسپل حدود میں واقع نا قابل رہائش پرائیویٹ رہائشی عمارات سکولز، کالجز، ہسپتال، شاپنگ سنٹرز کی تفصیل مرتب کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کے پابند ہوگا۔

ترقیاتی ادارہ مظفر آباد اپنی حدود واقع تا قابل رہائش پرائیویٹ رہائشی عمارات ، سکول، کالجز ہسپتال ، شاپنگ سنٹرز کی تفصیل مرتب کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کے پابند ہوگا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ترقیاتی ادارہ مظفر آباد ریڈ زون میں واقع تعمیرات کا ڈیٹا مہیا کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کے پابند ہوں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ممبران کمیٹی متذکرہ بالا اپنی اپنی جانب سے کوائف اندر ایک ماہ مرتب کر کے پیش کرنے کے پابند ہوں گے۔ کوائف موصولگی پر بعد از موقع ملاحظہ سفارشارت مرتب کی جاکر حکام بالا کو ارسال کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :