سیالکوٹ،محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی بہتر پیداوار کیلئے سفارشات جاری کردیں

پیر 28 اپریل 2025 20:12

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) محکمہ زراعت نے کپاس کی بہتر پیداوار کیلئے سفارشات جاری کردیں ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق کپاس کے کاشتکار کاشت میں جلدی کریں، کپاس کی کاشت کا دوسرا مرحلہ30 اپریل کو ختم ہو رہا ہے تاہم کاشتکاربی ٹی اقسام کے ساتھ کم از کم10 فیصدرقبہ نان بی ٹی اقسام کا بھی کاشت کریں تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا نہ ہو سکے۔

کپاس کی کاشت ترجیحاً پٹڑیوں پر کریں جس کے لیے مشینی طریقہ اختیار کریں یا پٹڑیاں بنانے کے بعد ہاتھ سے چوپے لگائیں، اگرکاشت ڈرل سے کرنی ہو تو قطاروں کا درمیانی فاصلہ اڑھائی فٹ رکھیں اور جب فصل کا قد ڈیڑھ سے دو فٹ ہو جائے تو پودوں کی ایک لائن چھوڑ کر دوسری لائن پر مٹی چڑھا کر پٹڑیاں بنا دیں۔

(جاری ہے)

پٹڑیوں پر کاشتہ فصل میں جڑی بوٹیوں کا انسداد آسان، کھادوں کا استعمال بہتر، پانی کی بچت اور بارشوں کے نقصان سے بچت ہوتی ہے۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کپاس کے کاشتکار کھادوں کا استعمال زمین کے تجزیہ کی بنیاد پر کریں تاہم فاسفورسی اور پوٹاش والی کھادوں کی تمام مقدار اور نائٹروجن کھاد کا 1/4 حصہ بوقت تیاری زمین میں ڈالیں۔ اگر کھاد زمین کی تیاری کے اقت نہ ڈالی گئی ہو تو چھدرائی کے بعد استعمال کریں۔چھدرائی کے بعد استعمال کے لیے نائٹروفاس زیادہ بہتر ہے اور کھاد کو پانی میں حل کر کے آبپاشی کے ساتھ استعمال کریں۔اگیتی کاشت کی صورت میں بقیہ نائٹروجنی کھاد4سے5 اور موسمی کاشت کی صورت میں 3 سے4 اقساط میں ڈالیں۔

متعلقہ عنوان :