کوئٹہ، محکمہ اینٹی نارکوٹکس کی انسداد منشیات کیخلاف کارروائیاں،کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

پیر 28 اپریل 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء) محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس نے بلوچستان میں انسداد منشیات کی خلاف کاروائیاںکر تے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمدکر لیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس نے ایک ہفتے کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انسداد منشیات کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لیں ان کارروائیوں میں پختہ چرس، آئس افیون اور ہیروئن جیسی خطرناک منشیات برآمد کرکے گرفتار ملزمان کے خلاف درجن سے زائد ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق پسنی میں کارروائی کے دوران 19 کلو آئس برآمد کی گئی۔ جعفرآباد کی تحصیل ڈیرہ اللہ یار میں دو الگ کارروائیوں میں 3 کلو 200 گرام پختہ چرس اور ایک کلو آئس قبضے میں لی گئی۔

(جاری ہے)

لسبیلہ میں 2 کلو، مستونگ میں 5 کلو، صوبت پور میں 2 کلو، پنجگور میں 9 کلو، سوراب میں 5 کلو، قلات میں 3 کلو 700 گرام، خضدار میں 2 کلو اور ڈیرہ مراد جمالی میں 2 کلو چرس برآمد کی گئی۔ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ حکومت بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان کو منشیات جیسے ناسور سے پاک کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور پورے صوبے میں انسدادِ منشیات کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔