ٹی ایم اے کا بالاکوٹ بازار میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا

منگل 29 اپریل 2025 19:52

بالاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) تحصیل انتظامیہ بالاکوٹ اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن نے سیاحتی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کاغان روڈ بالاکوٹ کے دونوں اطراف گرینڈ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کرکے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا ۔آپریشن میں اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ، تحصیل میونسپل آفیسر، ڈی ایس پی، ایس ایچ او، تحصیلدار، اسسٹنٹ تحصیل آفیسر ریگولیشن، ٹی ایم اے، صدر انجمن تاجران اور انکروچمنٹ سکواڈ ٹی ایم اے بالاکوٹ نے گاڑیوں سمیت شرکت کی۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران کاغان روڈ کے دونوں طراف ریڑھیوں، تھڑا، شیڈ اورغیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کرتے ہوئے سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔ مین روڈ کے علاوہ مختلف سٹریٹ سے بھی سامان قبضہ میں لیا گیا اور سٹریٹ کو واگزار کرایا گیا۔ آپریشن کے دوران روڈ سے تمام گاڑیوں کو بھی ہٹایا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نے کہا کہ کاغان روڈ / فٹ پاتھ پر کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی اور آئندہ جس دکاندار نے بھی اپنی دکان کے باہر پختہ تجاوز کی اس کا بھی جلد خاتمہ کیا جائے گا۔ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کرنے پر عوام نے تحصیل انتظامیہ اور ٹی ایم اے کو خراج تحسین پیش کیا اور اس کو آئندہ بھی جاری رکھنے کی درخوست کی۔