مدنی مرکز فیضان مدینہ عظیم الشان محفل مدینہ کا انعقاد

خلفیہ امیر اہل سنت، اراکین شوریٰ، علمائے کرام و حج پر جانے والے عاشقان رسول نے شرکت کی

منگل 29 اپریل 2025 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء) مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں محفل مدینہ کا انعقاد ہوا جس میں اس سال حج پر جانے والوں سمیت دیگر عاشقان رسول بھی شریک ہوئے، امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ اور نگران شوریٰ نے حجاج کرام کو درپیش مسائل اور مکہ و مدینہ کی حاضری کے آداب بھی بتائے، نیز خلیفہ امیر اہل سنت مولانا عبید رضا عطاری مدنی سے عاشقان رسول نے ملاقات بھی کی، تفصیلات کے مطابق دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں گزشتہ سالوں کی اس سال بھی عظیم الشان محفل مدینہ منعقد کی گئی جس میں خلیفہ امیر اہل سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی،اراکین شوریٰ، علمائے کرام اور اس سال حج پر جانے والے خوش نصیبوں سمیت دیگر عاشقان رسول شریک ہوئے، محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد بارگاہ رسالت ﷺمیں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے محفل مدینہ میں بذریعہ ویڈیو لنک بیان کرتے ہوئے کہا کہ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں مکہ و مدینہ پاک کی حاضری نصیب ہو رہی ہے، جو لوگ مسائل سیکھے بغیر حج کیلئے روانہ ہو جاتے ہیں وہ بہت سی غلطیاں کرتے ہیں کیونکہ حج کے دوران اندازِ زندگی مکمل طور پر بدل جاتا ہے، حج کے تمام مسائل سیکھ کر حج کرنے کا لطف ہی کچھ اور ہوتا ہے۔

نگران شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری نے محفل مدینہ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ سفرِ حج ایک رقت بھرا سفر ہے، جسے مدینے کی حاضری کی سعادت ملتی ہے وہ روتے روتے حاضر ہوتا ہے اور جسے اجازت نہیں ملتی وہ روتے روتے اپنا وقت گزارتا ہے،اگر مدینہ پاک کی برکات، فضائل اور وہ فرامین پیشِ نظر ہوں جو پیارے آقا ﷺ نے مدینہ کے بارے میں فرمائے ہیں کہ مدینہ کیا ہے، تو مدینے جانے کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے۔

محفل مدینہ میں شریک عازمین حج و دیگر عاشقان رسول کا ذوق بڑھانے کیلئے مکہ و مدینہ کی حاضری سے متعلق پرسوز کلا م بھی پڑھے گئے۔ خلیفہ امیر اہل سنت حضرت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی سے محفل مدینہ میں شریک عاشقان رسول نے ملاقات بھی کی۔ امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے محفل مدینہ کے اختتام پر دعا بھی کروائی۔

متعلقہ عنوان :