قربانی کا جانور صرف روایت نہیں ،روحانی علامت ہے ، حافظ احمدعلی

منگل 29 اپریل 2025 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)ابل کیٹل اینڈ ڈیری فارم کے زیراہتمام ایک شاندار مویشی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں جانوروں کی کیٹ واک نے تقریب کو جاذبِ نظر اور دلچسپ بنا دیا۔ نمائش میں مختلف نسلوں کے صحت مند اور اعلیٰ معیار کے مویشیوں کو پیش کیا گیا، جنہیں خاص طور پر سجایا گیا تھا اور انہیں خوبصورت انداز میں اسٹیج پر واک کروایا گیا، سے دیکھ کر حاضرین نے دل کھول کر داد دی۔

اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خصوصی سرجانی کیٹل کالونی کے صدر ،معروف سیاسی ومذہبی حافظ احمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے پالے جانے والے جانوروں کی خوبصورتی اور صفائی قربانی کے جذبے کو مزید بامعنی بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا جانور صرف ایک روایت نہیں بلکہ ایک روحانی علامت ہے جس کی تیاری خلوصِ نیت سے کی جائے تو یہ عبادت کے درجہ کو پہنچتی ہے۔

(جاری ہے)

صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن شمسہ مہ جبین نے بھی تقریب میں شرکت کی اور ابل کیٹل اینڈ ڈیری فارم کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ مویشی پالنا نہ صرف معیشت کا حصہ ہے بلکہ یہ ایک سماجی اور دینی ذمہ داری بھی ہے۔ ایسی تقریبات مویشی فارمنگ کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارم کی کاوشوں سے نہ صرف مویشیوں کی دیکھ بھال میں بہتری آ رہی ہے بلکہ اس سے معیشت کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے۔

اس موقع پرملک محمد شکیل قاسمی،ملک محمد یونس (کیٹل کالونی کے جنرل سیکریٹری)،ملک محمد صدیق (جے یو پی یوتھ ونگ کراچی کے سینئر نائب صدر)،صدائے انسانیت کے وائس چیئرمین گوہر شیروانی،امجد ابل اور سرفراز ابل سمیت مختلف سماجی، فلاحی اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی اور مویشیوں کی خوبصورتی اور تربیت کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر ابل کیٹل اینڈ ڈیری فارم کے روح رواں حاجی فیاض ابل نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور فارم کی غرض و غایت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ابل کیٹل اینڈ ڈیری فارم کا مقصد اعلیٰ نسل کے جانوروں کی افزائش ہی نہیں بلکہ مویشیوں کی بہتر تربیت اور نگہداشت کو فروغ دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فارم مویشی پالنے والے کسانوں کو جدید طریقے سے مویشیوں کی دیکھ بھال کی تربیت دے رہا ہے تاکہ وہ اپنی پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔ حاجی فیاض ابل نے مزید کہا کہ فارم کا مقصد مویشی فارمنگ کو ایک منظم اور جدید صنعت میں تبدیل کرنا ہے، جس سے نہ صرف ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ اس شعبے میں جدت اور ترقی بھی آئے گی۔

انہوں نے تمام شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ابل کیٹل اینڈ ڈیری فارم آئندہ بھی اس طرح کی کامیاب تقریبات کا انعقاد کرے گا تاکہ مویشی فارمنگ کے حوالے سے مزید آگاہی فراہم کی جا سکے اور اس شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :