آرپی اورراولپنڈی کا شہداء ،غازیوں اور محکمہ پولیس میں حاضر افسران و اہلکاروں کیلئے انقلابی اقدام

منگل 29 اپریل 2025 23:38

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپاکا شہداء ،غازیوں اور محکمہ پولیس میں حاضر افسران و اہلکاروں کے لیے انقلابی اقدام کا سلسلہ جاری ، اس سلسلہ میں میڈیکل کے مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طالبعلموں کے لیے راولپنڈی ریجن پولیس اور منور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(ایم آئی ایم ایس)کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، اس معاہدے کا مقصد پولیس افسران کے بچوں کو میڈیکل کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا کا راولپنڈی ریجن پولیس شہداء، غازیوں اور افسران و اہلکاروں کے زیر تعلیم بچوں کے لیے انقلابی اقدام کا سلسلہ جاری ہے ، اس سلسلہ میں آر پی او راولپنڈی نے میڈیکل کے مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمندپولیس اہلکاروں کے بچوں کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر منور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ڈاکٹر عبیدکے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے،اس معاہدہ کے تحت منور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (MIMS)میں زیر تعلیم شہداء کے بچوں کوفیسوں میں 50فیصد ، پولیس غازیوں کے بچوں کو 25 فیصد جبکہ حاضر و ریٹائرڈ افسران و ہلکاروں کے بچوں کو 20 فیصد رعایت ملے گی،MIMS کی انتظامیہ نے اس تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کو نہ صرف معیاری تعلیم بلکہ ایک محفوظ، تحقیقاتی، اور پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرے گا، تاکہ وہ میڈیکل کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کر سکیں،اس موقع پر آر پی او راولپنڈی کا کہنا تھا یہ معاہدہ نہ صرف پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے ایک نئی امید کی کرن ہے، بلکہ عوامی و تعلیمی اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کی ایک بہترین مثال بھی ہے، ہم اپنے پولیس اہلکاروں کے بچوں کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

منور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ساتھ یہ شراکت داری ہمارے مستقبل کے معماروں کو ایک بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرے گی، جو کہ ایک مثبت اور دور اندیش قدم ہے،اس MoU کے تحت راولپنڈی ریجن پولیس کے افسران کے بچوں کو MIMS میں داخلے، تعلیمی سہولیات، اسکالرشپ، اور تعلیمی رہنمائی میں ترجیح دی جائے گی۔ یہ اقدام پولیس فورس کی فلاح و بہبود اور ان کے خاندانوں کی تعلیمی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :