صوبائی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا یومِ مزدور کے موقع پرخصوصی پیغام میں محنت کشوں کو خراج تحسین

بدھ 30 اپریل 2025 18:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے یومِ مزدور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ معاشرتی ترقی، اقتصادی استحکام اور قومی خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم مئی کا دن محنت کشوں کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص محنت کش خواتین کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے محکمہ ترقی نسواں مربوط حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان حکومت نے مزدوروں کی فلاح و بہبود اور معاشی بہتری کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں۔

ایک نمایاں اقدام 30 ہزار ہنر مند افراد کو بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے ذریعے نہ صرف بے روزگاری میں کمی آئے گی بلکہ صوبے کو قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔ خواتین مزدوروں کے لیے بھی خاص توجہ دی گئی ہے، جن کے لیے محفوظ ورک پلیسز، فنی تربیتی پروگرامز، اور مائیکرو فنانس سہولیات کی فراہمی جیسے اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔

اس کے علاوہ مزدوروں کے بچوں کے لیے تعلیمی اسکالرشپس، مفت طبی سہولیات، اور سوشل سکیورٹی پروگرامز بھی بلوچستان حکومت کے ویلفیئر ویژن کا حصہ ہیں، جو ایک جامع اور پائیدار ترقی کی جانب پیش قدمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محنت کشوں کے وقار اور حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے کا ہر طبقہ اپنی ذمہ داریاں نبھائے اور ان کی فلاح و بہبود کے عمل میں مثبت کردار ادا کرے۔