نمل اور قازقستان کی معروف جامعات کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بدھ 30 اپریل 2025 18:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)نے قازقستان کی دو نمایاں جامعات کے ساتھ دو اہم معاہدات پر دستخط کئے ہیں جن کا مقصد علمی تعاون، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلے اور مشترکہ تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ نمل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس ضمن میں نمل اور شوکان والیکھانوف کوکشیتاؤ یونیورسٹی، کوکشیتاؤ، قازقستان کے درمیان "لیٹر آف انٹرسٹ" پر دستخط کئے گئے جس کا مقصد اعلیٰ تعلیم اور سائنس کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

معاہدے کے تحت اعلیٰ تعلیم یافتہ ماہرین کی تربیت، آن لائن لیکچرز، مشترکہ تحقیقی منصوبے، تعلیمی مواد کی اشاعت، اور بین الاقوامی کانفرنسوں اور ورکشاپس کا انعقاد شامل ہے۔ معاہدے پر ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی اور شوکان والیکھانوف یونیورسٹی کے چیئرمین بورڈ-ریکٹر ایم کے سرلبایوف نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح نمل اور قازقستان کی ممتاز جامعہ الفارابی قازق نیشنل یونیورسٹی کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

اس معاہدے میں فیکلٹی و طلبہ کا تبادلہ، قلیل اور طویل مدتی تعلیمی پروگرامز، مشترکہ تحقیق، بین الاقوامی گرانٹس میں شرکت، اور تحقیقاتی اشاعتیں شامل ہیں۔ معاہدے پر پروفیسر توئمے بایوف ژانسیئت، ریکٹر الفارابی یونیورسٹی، اور میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی ، ریکٹر نمل نے دستخط کئے۔ ان معاہدات سے نمل کی بین الاقوامی سطح پر تعلیمی تعاون اور علمی تبادلے کو فروغ دینے کی کاوشوں کو تقویت ملی ہے۔

یہ شراکت داریاں نمل کے اساتذہ، محققین اور طلبہ کو عالمی سطح پر سیکھنے، پڑھانے اور تحقیق کے نئے مواقع فراہم کریں گی۔اس موقع پر ریکٹر نمل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ "قومی اور بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ایسی شراکت داریاں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ قازقستان کی ان نمایاں جامعات کے ساتھ ہمارا تعاون بین الثقافتی ہم آہنگی، علمی ترقی اور مشترکہ تحقیق کے نئے راستے کھولے گا۔

متعلقہ عنوان :