کمشنر سبی کا ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ، سہولیات کی فراہمی ،ایمرجنسی سروسز اور ادویات کی فراہمی کے امور کا جائزہ

بدھ 30 اپریل 2025 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) کمشنر سبی سید زاہد شاہ نے ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کر کے سہولیات کی فراہمی ،ایمرجنسی سروسز،مریضوں کی نگہداشت، علاج معالجے اور ادویات کی فراہمی کے امور کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر گرمکھ داس ، ایمرجنسی سپیشلٹ یونیسیف شیراز احمد ، ہیلتھ کنسلٹنٹ یونیسیف ڈاکٹر مشتاق اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔

کمشنرنے ایم ایس اور ڈاکٹرز کی ٹیم کو خصوصی ہدایات جاری کیں کہ تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور معیار ایسا ہو کہ مریض سرکار ی ہسپتال سے علاج کروانے کو ترجیح دیں۔ انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے بھی بات چیت کی اور ان سے ہسپتال میں طبی سہولیات کی بابت استفسار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام عملہ کو ہدایت کی کہ وقت کی پابندی کو لازم بنایا جائے اور طبی سہولیات کے حصول کے لئے آنے والے شہریوں کو درکار سروسز فراہم کی جائیں۔

انہوں نے ہسپتال میں گائنی سیکشن کے لیے بنائے جانے والی نئی عمارت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عمارت میں ائرکنڈیشن اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں تاکہ اس عمارت کو فعال کیا جا سکے۔ کمشنر سبی نے لیبارٹری کی نئی عمارت کی غیر فعالیت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ لیبارٹری کے لیے نئی عمارت تعمیر کی گئی ہے لیکن اب تک لیبارٹری کیوں منتقل نہیں کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ جلد از جلد لیبارٹری نئی عمارت میں منتقل کی جائے۔ انہوں نے ایم ایس ڈی ایچ کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں نئی تعمیر شدہ عمارت کو جلد سے جلد فعال کیا جائے عمارت کے باقی ماندہ کام جس میں ائیر کنڈیشنرکی تنصیب اور دیگر نوعیت کے کاموں کے لیے سیکرٹری ہیلتھ سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ کمشنر سبی سید زاہد شاہ نے بچوں کے وارڈ میں جلد کی بیماری میں مبتلا ایک بچی کو علاج کے لیے کسی دوسرے شہر بھیجنے کی ہدایات جاری کیں اس ضمن میں انہوں نے ہیلتھ کنسلٹنٹ یونیسیف کو یہ ذمہ داری سونپی کہ وہ آج ہی بچی کے لواحقین سے رابطہ کرکے اسے علاج کے لیے بھیجیں۔

اسکے علاوہ انہوں نے ہسپتال میں یونیسف کی جانب سے نصب کیے گئے سولر سسٹم کا بھی معائنہ کیا ایمرجنسی سپیشلسٹ یونسیف شیراز احمد بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیز ون پر کام مکمل کیا جا چکا ہے اور فیز ٹو پر کام کا آغاز جلد ہی کیا جائے گا جس کی تکمیل کے بعد ہسپتال میں بجلی کی کمی کا مسئلہ نہیں ہو گا۔ کمشنر سبی نے کہاکہ اس کی جلد تکمیل اور دیگر ضروری نوعیت کے اقدامات کے لیے سیکرٹری اینرجی سے بھی رابطہ کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ڈینٹل یونٹ اور آئی کیئر یونٹ کے لیے بھی سیکرٹری ہیلتھ سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک بلا تعطل پہنچنے چاہیے اور ہسپتال انتظامیہ مریضوں کو بہترین علاج اور تمام تر سہولیات یقینی بنائے تاکہ طبی سہولیات عام عوام کو ان کی دہلیز پر میسر ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :