فیصل آباد،فیسکو ترجمان نے بھرتیوں کے حوالے سے جوائن اوٹی ایس(Join-OTS) نامی جعلی کمپنی کی طرف سے سوشل میڈیا پر زیرگردش اشتہار کو جعلی اوربوگس قرار دیا

جمعہ 2 مئی 2025 23:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2025ء)فیسکو ترجمان نے بھرتیوں کے حوالے سے جوائن اوٹی ایس(Join-OTS) نامی جعلی کمپنی کی طرف سے سوشل میڈیا پر زیرگردش اشتہار کو جعلی اوربوگس قرار دیا ہے اورعوام الناس /خواہشمند افراد کو جعلی اور خود ساختہ کمپنی اورجعلی اشتہار پر درخواستیں جمع کرانے اور کسی بھی قسم کی فیس کی ادائیگی نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

فیسکو ترجمان محمد سعید رضا کے مطابق جعل ساز مافیا کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے اشتہار میں مختلف کیٹیگری کی سکیل 9تا16تک کی 36 خالی آسامیوں پر بھرتی کا اشتہار وائرل ہوا ہے جس میں جعل ساز وں نے ہر آسامی پر اپلائی کرنے کیلئے ایک ہزارپچاس(1050) روپے فیس مقرر کی ہے۔ فیسکو ترجمان کے مطابق مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر وائرل اشتہار کا فیسکوسے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی فیسکو کی جانب سے ایساکوئی اشتہار جاری کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

فیسکو کی جانب سے بھرتیوں کیلئے جاری کردہ اشتہارات باضابطہ طور قومی اخبارات میں شائع کئے جاتے ہیں جس کی تفصیلات فیسکوکی ویب سائیٹ (www.fesco.com.pk)پر بھی شائع کی جاتی ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ فیسکومیں ہزاروں کی تعداد میں بھرتی کیلئے جعلی کمپنی بنا کر جعلی اشتہار دے کر سادہ لوح لوگوں کو بیوقوف بنایا جارہا ہے ۔ انھوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ایسے دھوکے باز اور جھوٹے عناصر سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی قسم کے مشکوک اشتہار پر بغیر مکمل تحقیق کے اپلائی نہ کریں اور نہ ہی کوئی فیس کی ادائیگی کریں۔

فیسکو انتظامیہ نے عوام الناس کو خبردارکیاہے کہ اس طرح کی کسی بھی جعلی کمپنی اور اس کی طرف سے جاری کردہ اشتہارمیں فیسکو میں بھرتی کے عوض رقم کے لین دین کی صورت میں متعلقہ شخص خود ذمہ دارہوگا ۔فیسکو انتظامیہ اس سلسلے میں ذمہ دار نہ ہوگی ۔