وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بجٹ تیاریوں ،تشکیل کیلئے کلیدی دفاتر میں چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی

پیر 12 مئی 2025 22:42

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بجٹ تیاریوں ،تشکیل کیلئے کلیدی دفاتر میں چھٹیوں ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آئندہ مالی سال2025-26 کے بجٹ کی تیاریوں کو بروقت اور مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے چیف منسٹر سیکریٹریٹ، چیف سیکریٹری آفس، محکمہ خزانہ اور محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی کے تمام ملازمین کی رخصتوں پر پابندی عائد کردی ہے یہ فیصلہ پیر کو وزیراعلیٰ کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں بجٹ کی تیاریوں اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے مجموعی حجم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، سیکریٹری خزانہ عمران زرکون سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام اور ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند شریک تھے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق تیاریوں، مختلف ترقیاتی اسکیموں، مجوزہ ترجیحات اور مالی نظم و ضبط سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بجٹ کی تیاری ایک حساس اور اہم عمل ہے جس کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی مکمل دستیابی اور استعداد ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے گا تاکہ صوبے کے ہر طبقے کو ترقی کے مواقع میسر آئیں وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ تمام منصوبے زمینی حقائق، عوامی مطالبات اور مالی استعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیے جائیں، اور ترقیاتی فنڈز کا ضیاع روکنے کے لیے سخت نگرانی کا نظام وضع کیا جائے وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ بجٹ میں کفایت شعاری کو اپنایا جائے اور غیر ضروری سرکاری اخراجات میں واضح کمی لائی جائے تاکہ دستیاب وسائل کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عوام کو پہنچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہے اور بجٹ کے عمل کو شفاف، مربوط اور مشاورتی انداز میں مکمل کیا جائے گا اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ بجٹ سازی کے عمل کو تیز اور شفاف بنانے کے لیے تمام محکمے قریبی رابطے اور بھرپور تعاون سے کام کریں گے جبکہ فیلڈ میں جاری اسکیموں کے جائزے اور ترجیحی بنیادوں پر نئے منصوبے شامل کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :