بینظیر انکم سپورٹ کی رقم سے کٹوتی پر تصادم، علاقہ میدان جنگ بن گیا، 8 افراد زخمی

رقم کٹوتی کے خلاف احتجاج کے دوران فریقین میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی، مکوں اور تھپیڑوں کا آزادانہ استعمال

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 مئی 2025 12:14

بینظیر انکم سپورٹ کی رقم سے کٹوتی پر تصادم، علاقہ میدان جنگ بن گیا، ..
خیرپور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی 2025ء ) صوبہ سندھ کے جلع خیرپور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی رقم سے مبینہ کٹوتی پر تصادم کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ بن گیا، اس دوران 8 افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ ایک وصولی سینٹر پر پیش آیا جہاں مستحق خواتین کی رقم میں مبینہ کٹوتی کے خلاف احتجاج کے دوران فریقین میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی، اس موقع پر ہونے والے تصادم کے دوران فریقین ایک دوسرے کو مکوں اور تھپیڑوں سے پیٹتے رہے جس کے باعث 8 افراد زخمی ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ابتدائی طور پر تو پولیس نے بھی عام لوگوں کی طرح موقع پر تماشائیوں کی طرح تمام جھگڑا دیکھا تاہم بعد ازاں واقعے کی رپورٹ درج کرلی اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا جب کہ اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے بی آئی ایس پی کی رقم میں کٹوتی جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرنے اور اس میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سرکاری ملازمین کی بیگمات پنشنرز اور ان کے اہل خانہ کو ادائیگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر پی اے سی نے رقم لینے والے گریڈ 19 اور 20 کے سرکاری ملازمین کو شناخت کرنے کی ہدایت کردی، پبل اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں آڈٹ حکام نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی بیگمات کو 8 کروڑ 98 لاکھ کی غیر قانونی ادائیگی کی گئی، 2 ہزار 352 سرکاری ملازمین اور 704 پنشنرز کی بیگمات کو ادائیگیاں کی گئیں حالاں کہ بی آئی ایس پی پالیسی کے تحت 30 ہزار سے زیادہ پنشن لینے والے افراد اہل نہیں تھے، گریڈ ایک سے گریڈ 20 تک کے جن ملازمین کے اہل خانہ کو ادائیگیاں کی گئیں ان میں گریڈ 15 کے 263 ، گریڈ 16 کے 42، گریڈ 17 کے 21، گریڈ 18 کے 15، گریڈ 19 کے 11 اور گریڈ 20 کے 3 ملازمین اور پنشنرز شامل ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک ہی بچے کے لیے دو ماؤں کو ادائیگیوں کا بھی انکشاف ہوا، مجموعی طور پر ایک ہی بچے کے لیے دو ماؤں کو ادائیگی کے 2 ہزار 312 کیسز سامنے آئے ہیں، اس مد میں بینظیر انکم کے تحت 1 کروڑ 40 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی، جس کے لیے ایک ہی بچے کے ب فارم کے ساتھ مختلف ماؤں کو منسلک کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :