سکیورٹی فورسز کا مستونگ میں آپریشن ،فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا

شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر زیاد سلیم سمیت دو جوان شہید ہوگئے، پاک فوج ملک سے بھارتی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 24 جولائی 2025 21:55

سکیورٹی فورسز کا مستونگ میں آپریشن ،فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگردوں ..
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 24 جولائی 2025ء ) سکیورٹی فورسز نے مستونگ میں آپریشن کرکے فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مستونگ میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مئوثر انداز میں نشانہ بنایا۔ سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر زیاد سلیم سمیت 2جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ میجر زیاد سلیم اپنی ٹیم کی فرنٹ سے قیادت کررہے تھے۔ مادرِ وطن کے بہادر سپوت میجر زید سلیم اول ( عمر 31 سال، سکنہ خوشاب) اور سپاہی نظم حسین ( عمر 22 سال، سکنہ جہلم) بھی شہید ہو گئے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کی موجودگی کے پیشِ نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج ملک سے بھارتی سرپرست دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپوتوں کی یہ عظیم قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔