سینیٹ نے پاکستان نیوی آرڈیننس میں ترمیم کا بل منظور کرلیا

بحری جہازوں کے ساتھ ہوائی جہازوں کو بھی نیوی کا حصہ بنایا گیا ہے، دوہری شہریت یا 18سال سے کم عمرشخص نیوی میں کمیشن حاصل نہیں کرسکے گا، نیوی متعلقہ اتھارٹی کسی کوبھی ریٹائرڈ یا سبکدوش کرسکتی ہے، ترمیمی بل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 24 جولائی 2025 22:12

سینیٹ نے پاکستان نیوی آرڈیننس میں ترمیم کا بل منظور کرلیا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 24 جولائی 2025ء ) سینیٹ نے پاکستان نیوی آرڈیننس میں ترمیم کا بل منظور کرلیا ہے، بل کے مطابق بحری جہازوں کے ساتھ ہوائی جہازوں کو بھی نیوی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق سینیٹ نے پاکستان نیوی آرڈیننس میں ترمیم کا بل 2025 منظور کرلیا ہے، یہ بل قومی اسمبلی سے منظور شدہ ہے۔ ترمیمی بل کے متن میں کہا گیا کہ صدر مملکت پاکستان نیوی اور اس کے ریزرو کو بڑھا سکے گا، نیوی کا کنٹرول اینڈ کمانڈ وفاقی حکومت کے پاس ہوگی۔

(جاری ہے)

نیوی کا انتظام چیف آف نیول اسٹاف کو تفویض ہوگا۔ بحری جہازوں کے ساتھ ہوائی جہازوں کو بھی نیوی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ جو شخص پاکستان کا شہری نہیں ہوگا، دوہری شہریت یا 18سال سے کم عمر ہوگا وہ نیوی میں کمیشن حاصل نہیں کرسکے گا۔ نیوی کی متعلقہ اتھارٹی کسی بھی شخص کو ریٹائرڈ یا سبکدوش کرسکتی ہے۔ متعلقہ اتھارٹی کسی بھی شخص کے استعفا کو قبول، مسترد یا پھر ملازمت سے برخاست کرسکتی ہے۔ ماتحت کے خلاف طاقت کے مجرمانہ استعمال یا بدسلوکی پر افسر ، چیف پیٹی افسر یا پیٹی افسر کو مختصر سزا ہوسکتی ہے۔