لاہور چیمبر نے ایف بی آر کسٹمز کے لیے کرامت علی اعوان کو فوکل پرسن مقرر کردیا

ہفتہ 3 مئی 2025 16:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ کسٹمز سے متعلق معاملات پر بات چیت کے لیے لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن کرامت علی اعوان کو فوکل پرسن مقرر کردیا ہے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد اور ایف بی آر کے کسٹمز حکام کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد کیا گیا۔

(جاری ہے)

فوکل پرسنز کی یہ نامزدگیاں تاجر برادری اور کسٹمز حکام کے درمیان براہِ راست اور منظم رابطے کو فروغ دینے، کسٹمز کلیئرنس اور ریفنڈز میں تاخیر کو کم کرنے، کسٹمز سے متعلق طریقہ کار پر تاجر برادری کی بروقت رائے شامل کرنے، کسٹمز قوانین کے یکساں نفاذ کو یقینی بنانے اور کسٹمز کمپلائنس سے متعلق تربیتی و آگاہی سیشنز کے انعقاد کے مقصد سے کی گئی ہیں۔تاجر برادری نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے بندرگاہوں اور سرحدوں پر کلیئرنس کے وقت میں کمی آئے گی، کسٹمز ویلیوایشن کے مبہم طریقہ کار کی وضاحت ہوگی، ٹیرف کلاسیفیکیشنز سے متعلق دیرینہ تنازعات حل ہوں گے اور فارماسیوٹیکل اور آٹو موٹیو سمیت دیگر سیکٹرز کی بہتر طریقے سے رہنمائی ممکن ہو سکے گی۔