فیصل بینک نے پاکستان کی پہلی انکلوژو کمیونی کیشن گائیڈ متعارف کرادی

جمعرات 3 جولائی 2025 23:09

فیصل بینک نے پاکستان کی پہلی انکلوژو کمیونی کیشن گائیڈ متعارف کرادی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)پاکستان کے معروف اسلامی بینکوں میں سے ایک فیصل بینک نے پاکستان کی پہلی انکلوژو کمیونی کیشن گائیڈ متعارف کرادی ہے۔ یہ گائیڈ پاکستان بزنس کونسل کے زیراہتمام سینٹر آف ایکسیلنس ان ریسپانسبل بزنس (CERB) کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ یہ گائیڈ اداروں میں باعزت، حساس اور جامع زبان کو فروغ دینے کے لیے ایک مثالی قدم ہے جس نے پاکستان میں تنوع، مساوات اور شمولیت (DEI) کے نئے معیارات طے کیے ہیں۔

تقریب رونمائی کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں کاروباری رہنماں، ڈی ای آئی کے حامیوں، صنعت کے ماہرین اور شمولیت کے لیے کام کرنے والے شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اس مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایسے ماحول کو فروغ دیا جائے جہاں ہر آواز کو سنا جائے اور اس کو اہمیت دی جائے۔

(جاری ہے)

یہ رہنماکتابچہ جو انگریزی اور بریل(Braille)میں دستیاب ہے، پاکستان کے کاروباری اداروں میں شمولیتی اصطلاحات کو یکساں اور معیاری بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

یہ گائیڈ ملازمین اور رہنماں، دونوں کے لیے ایک عملی ذریعہ ہے تاکہ وہ خواتین، خصوصی افراد اور پسماندہ طبقات سمیت مختلف گروہوں سے عزت و احترام کے ساتھ رابطہ کرنے کے قابل ہوسکیں۔ جس کا ہدف ایک پائیدار اور مثبت سماجی اثر کے ساتھ وابستگی اور رسائی پر مبنی ادارہ جاتی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے فیصل بینک کے صدر و سی ای او یوسف حسین نے کہا، ہمیں یقین ہے کہ شمولیت کا آغاز زبان سے ہوتا ہے۔

ہمارے الفاظ ہمارے ارادوں اور اقدار کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ گائیڈ صرف ایک دستاویز نہیں بلکہ ہمدردی، احترام سے بات کرنے اور اخلاقی ماحول قائم کرنے کا عہد ہے، جہاں ہر آواز سنی اور سمجھی جائے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ گائیڈ نہ صرف ہمارے ادارے،بلکہ پاکستان کے کارپوریٹ شعبے میں بھی ایک بامعنی وسیلہ ثابت ہوگا۔پاکستان بزنس کونسل کے سی ای او احسن ملک نے کہا، شمولیت اب صرف ایک اصطلاح نہیں رہی بلکہ کاروباری ضرورت بن چکی ہے۔

یہ گائیڈ ایک بہترین مثال ہے، جس میں ثقافت اور اخلاقی اندازِ میں گفتگو کی جاتی ہے۔ ہم فیصل بینک کو اس بہترین اقدام پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور دیگر اداروں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ بھی اس گائیڈ کو اپنائیں اور اپنے دائرہ کار میں رائج کریں۔فیصل بینک کے سفر میں ڈی ای آئی گائیڈ ایک سنگ میل ہے، جو اس کے ایک ذمہ دار ادارے کے کردار کو مزید مستحکم بناتی ہے۔ یہ قدم صرف اندرونی ادارہ جاتی عمل تک محدود نہیں بلکہ کاروباری برادری کے لیے بھی مثبت تبدیلی کا پیغام ہے، تاکہ پورے ملک میں بامقصد ورک کلچر فروغ پاسکے۔