صادق آباد ،موجودہ حالات میں نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی اور ٹیکنکل ایجوکیشن کی اشد ضرورت ہے

پیر 5 مئی 2025 12:08

صادق آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) گورنمنٹ ہائیرسکینڈری کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی رکن پنجاب اسمبلی وپیپلزپارٹی کے ضلعی صدر سردار حبیب الرحمن گوپانگ اور ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب وزیرعلی آغا تھے ، تقریب میں لیفٹینٹ کمانڈرپاکستان نیوی افتخارانجم‘ جام امجدبھیٹ‘ معروف کاروباری شخصیات میاں احسان الحق‘نیئرادریس‘ میاں امتیازعلی‘ نعمان علی رزاق‘ سلیم خان گوپانگ‘ میاں اعجازاشرف‘ سابق یوسی ناظم رانا افتخار رسول‘ مصطفی خان گوپانگ‘ اپیکا کے ضلعی صدر محبوب خان‘پرنسپل گورنمنٹ کمپری ہنسوسکول فدا حسین سعیدی اور پرنسپل تعمیرملت ہائی سکول مقصود احمدسمیت علاقہ کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار حبیب الرحمن گوپانگ اور وزیرعلی آغا نے کہا کہ موجودہ حالات میں نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی اور ٹیکنکل ایجوکیشن کی اشد ضرورت ہے‘ ہمیں اپنے بچوں کو بہتر مستقبل کیلئے ٹیکنیکل اور آئی ٹی کی تعلیم سے روشناس کرانا چاہیے تاکہ ہمارے بچے جدید دور کے مطابق اپنے مستقبل کیلئے بہتر طور پر کام کرسکیں۔انہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور بہترین رزلٹ پر سکول پرنسپل اور انتظامیہ کوبھی خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر مہمان شخصیات نے پوزیشن ہولڈر طلباء میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں جبکہ پرنسپل ادارہ شاہد سلیم چوہدری نے مہمانوں کوسکول کی طرف سے یادگاری شیلڈز پیش کیں اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کی شخصیات کی جانب سے سکول کی تعمیروترقی میں نمایاں کردار ادا کیاجارہا ہے جس سے ہماری حوصلہ افزائی ہوئی ہے‘ ہم پرامید ہیں کہ ادارہ کے ساتھ تعاون کا یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ہم بہتر سے بہترین رزلٹ دے سکیں۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی سردار حبیب الرحمن گوپانگ نے سکول میں قائم کئے گئے ملٹی میڈیا سینٹر اور ٹیبل ٹینس روم کا افتتاح بھی کیا۔\378