گنے کی قیمت ادا نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر کین کمشنر کو درخواست پر دو ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم

پیر 5 مئی 2025 17:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)لاہور ہائیکورٹ نے رمضان شوگر مل چنیوٹ کی جانب سے گنے کی قیمت ادا نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر کین کمشنر پنجاب کو درخواست پر دو ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے کسان عامر فاروق کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اپنا یا گیا کہ 2024/25میں گنا کاشت کر کے رمضان شوگر مل کو دیا،گنے کی کل مالیت 24لاکھ 64ہزار 627روپے بنتی ہے،رمضان شوگر مل انتظامیہ سے رقم کی ادائیگی کے لیے رابطہ کیا،انتظامیہ جان بوجھ کر ادائیگی کے معاملے کو طول دے رہی ہے، پنجاب شوگر فیکرٹیز کنٹرول رولز 1950کے مطابق گنے کی وصولی کے 15روز میں ادائیگی کرنا ضروری ہے۔

استدعا ہے عدالت کین کمشنر پنجاب اور ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کو گنے کی ادائیگی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے۔عدالت نے کین کمشنر کو درخواست پر دو ہفتوں میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دائر درخواست نمٹا دی۔