سندھ حکومت نے صوبے بھر میں 15جون سے پلاسٹک شاپنگ بیگزپر مکمل پابندی عائدکردی

پیر 5 مئی 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) سندھ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے صوبے بھر میں 15جون 2025سے تمام اقسام کے پلاسٹک شاپنگ بیگزکے استعمال پر مکمل پابندی عائدکردی ہے ۔پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق سیکریٹری ماحولیات آغا شاہنواز خان نے کہا ہے کہ پلاسٹک بیگز ماحول دشمن ہیں سندھ حکومت نے عوامی مفاد میں یہ فیصلہ کیا ہے،ہم آنے والی نسلوں کو صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ پابندی کا اطلاق نان ڈیگریڈیبل، اوکسو ڈیگریڈیبل، بلیک کلر اور ری سائیکلڈ پلاسٹک بیگز پر بھی ہوگا۔صوبائی کابینہ نے 15اپریل کو ہونے والے اجلاس میں محکمہ ماحولیات سندھ کی سفارش پر یہ فیصلہ متفقہ طور پر منظور کیاتھا جس کے بعدسندھ حکومت نے سندھ پروہیبیشن آف نان ڈیگریڈیبل پلاسٹک پروڈکٹس رولز 2014 میں ترمیم کرتے ہوئے تمام پلاسٹک شاپنگ بیگز پرپابندی عائد کی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل 2019میں پلاسٹک بیگز پر جزوی پابندی عائد کی تھی جس کے تحت مخصوص وزن اور سائز کے بیگز کی محدود اجازت تھی تاہم اب یہ مشروط اجازت بھی ختم کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کو ماحولیاتی ماہرین، سول سوسائٹی اور شہریوں نے سراہتے ہوئے حکومت سندھ کے اقدام کو تاریخی قرار دیا ہے جبکہ سیکریٹری ماحولیات نے ضلعی انتظامیہ، صنعتکاروں، تاجروں اور شہریوں سے اس قومی مہم میں بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :