محفوظ پنجاب ایکٹ 2025ء کا مسودہ تیار

امن و امان کیلئے خطرہ بننے والوں کی جائیداد ضبط، پاسپورٹ و شناختی کارڈ بلاک ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 6 مئی 2025 10:55

محفوظ پنجاب ایکٹ 2025ء کا مسودہ تیار
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 مئی 2025ء ) محکمہ داخلہ پنجاب نے محفوظ پنجاب ایکٹ 2025 کا مسودہ تیار کر لیا جس کے تحت امن و امان کیلئے خطرہ بننے والوں کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کیے جاسکیں گے۔ ترجمان صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق محفوظ پنجاب ایکٹ میں قیام امن کے لیے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں کو اضافی اختیارات تفویض کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ ایکٹ کے مسودے کے تحت امن و امان کے لیے خطرہ سمجھے جانے والے افراد کو 90 روز کے لیے حفاظتی تحویل میں لیا جا سکے گا اور امن و امان کے لیے خطرہ بننے والوں کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کیے جاسکیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد کے نام نو فلائی لسٹ میں ڈالنے کی سفارش کی جائے گی، امن و امان کے لیے خطرہ بننے والوں کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جاسکے گی، ایسے افراد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی سفارش وفاقی حکومت کو بھجوائی جاسکے گی، مسودے میں کالعدم تنظیموں کے ارکان کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مزید یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ انٹیلی جنس کمیٹیوں کے احکامات کی خلاف ورزی پر 3 سے 5 سال قید اور 5 سے 10 لاکھ جرمانہ ہو گا، کسی شخص کی 3 ماہ سے زیادہ حفاظتی تحویل کی اجازت صوبائی ریویو بورڈ دے گا جس کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے صوبائی ریویو بورڈ تشکیل دیا جائے گا، صوبائی ریویو بورڈ کا سربراہ اور 2 ارکان ہائیکورٹ کے موجودہ یا سابقہ ججز ہوں گے۔